ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال جاری، پنجاب میں33ہڑتالی نظر بند ڈاکٹروں میں سے 24رہا، فیصل آباد میں 2مریض جاں بحق

منگل 3 جولائی 2012 17:04

پنجاب حکومت نے 33ہڑتالی نظربندڈاکٹروں میں سے 24کورہاکردیا۔شہری حکومت کے مطابق 24ڈاکٹروں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ امن وامان خراب نہیں کریں گے ،ڈاکٹروں نے مریضوں کودیکھنے کی بھی یقین دہانی کرائی ہے ،33ڈاکٹروں کویکم جولائی کی رات3ایم پی اوکے تحت جیل بھجوایاگیاتھا۔ادھر جیل ذرائع کے مطابق 24ڈاکٹروں کوجیل سے رہاکردیاگیا۔

(جاری ہے)

رہا کئے گئے ڈاکٹرز میں ڈاکٹرظہیرعباس،ڈاکٹرمحمدعمیر، ڈاکٹرشمشادعلی،ڈاکٹرکامران فاروق،ڈاکٹرخالدجمال،ڈاکٹرعمیرسلیم ورک،ڈاکٹرمحمدندیم ،ڈاکٹرگلفام احمد، ڈاکٹر سجاد بلوچ، ڈاکٹر شاہد اقبال، ڈاکٹر احسان اللہ،ڈاکٹرعمران چٹھہ،ڈاکٹرعادل امین،ڈاکٹرحسن طارق بھٹی، ڈاکٹرنعمان رفیع،جوادپرویز،عامراصغر،فرہادساہی،ڈاکٹرسرفرازبھی، ڈاکٹرلوکاس ورما،ڈاکٹریاسرقیوم،ڈاکٹروسیم اورڈاکٹرجبران سندھو شامل ہیں۔

پنجاب حکومت کے مطابق رہا ہونے والے ڈاکٹرز نے بلامشروط معافی نامے پردستخط کیے اوربیان حلفی دیا،ڈاکٹروں نے حلف دیاہے کہ آئندہ کسی ہڑتال میں حصہ نہیں لیں گے ۔ ادھرفیصل آباد میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال نے مزید 2مریضوں کی جان لے لی، بہاول پور میں پی ایم اے کے نائب صدر کو 2ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیاگیا، گوجرانوالہ میں 25اور ملتان میں 18ینگ ڈاکٹرز ڈیوٹی پر واپس آگئے ہیں