پنجاب کے 11 اضلاع میں پرائمری ہیلتھ کیئر کے نظام میں انقلابی اصلاحات کے پروگرام کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ۔ نئی اصلاحات کے تحت ہر بنیادی مرکز صحت علاقے کے تمام افراد کا کمپیوٹرائزڈ ہیلتھ ریکارڈ مرتب کرے گا ۔ چوہدری پرویز الٰہی کا ہیلتھ کیئر کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب

جمعرات 11 جنوری 2007 19:06

لاہور( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین11جنوری2007 ) وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ نیشنل کمیشن فارہیومن ڈویلپمنٹ کے اشتراک سے پہلے مرحلے میں صوبے کے 11 اضلاع میں پرائمری ہیلتھ کیئر کے نظام میں انقلابی اصلاحات کے پروگرام کا آغاز کیا جا رہا ہے ، ان نئی اصلاحات کے تحت ہر بنیادی مرکز صحت علاقے کے تمام افراد کا کمپیوٹرائزڈ ہیلتھ ریکارڈ مرتب کرے گا ۔

اس سلسلے میں جلد ہی صوبائی حکومت،نیشنل کمیشن فارہیومن ڈویلپمنٹ او ران11 اضلاع کی ضلعی حکومتوں کے درمیان ہیلتھ کیئر کی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے معاہدے کئے جائیں گے ۔ وہ گذشتہ روز ایوان وزیر اعلیٰ میں ہیلتھ کیئر کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ وزیر مملکت و نیشنل کمیشن فارہیومن ڈویلپمنٹ کے چیئر مین ڈاکٹر نسیم اشرف، صوبائی وزیر صحت چوہدری محمد اقبال ، چیف سیکرٹری پنجاب سلمان صدیق، چیئر مین پی اینڈ ڈی سلیمان غنی، سیکرٹری صحت محمد جاوید ملک ،سیکرٹری پی اینڈ ڈی سہیل احمد، سیکرٹری فنانس عظمت علی رانجھا ، ڈائریکٹر ہیلتھ نیشنل کمیشن فارہیومن ڈویلپمنٹ معظم خلیل ، چیف آپریٹنگ آفیسر این سی ایچ ڈی محمد اجمل خان اور دیگر اعلی حکام اجلاس میں موجود تھے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ ابتدائی طور پر اٹک ، جہلم ،گجرات ، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ ، مظفر گڑھ ، خانیوال ، جھنگ ، شیخوپورہ ، سرگودھا اور بہاولپور میں اس پروگرام کا آغاز کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت سکول کے بچوں کے میڈیکل چیک اپ کا نظام بھی وضع کیا جائے گا جس کے تحت میڈیکل ٹیمیں سکولوں کا دورہ کریں گی اور تمام بچوں کا طبی معائنہ کیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ سکول ہیلتھ سسٹم کے اس نئے نظام میں بچوں کو مختلف بیماریوں سے بچانے کے لئے حفاظتی ٹیکے او ران کی غذائی ضروریات کی فراہمی بھی شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان اصلاحات کے تحت محکمہ صحت کے اہلکاروں کو تربیت فراہم کرنے کے بھی انتظامات کئے جائیں گے اور ہیلتھ ورکرز گھر گھر جا کر ہر خاندان کی صحت سے متعلقہ امو رپر مشورے دیں گے اور علاج کی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ صحت کا پروگرام غربت میں کمی کا باعث بھی بنے گا کیونکہ صحتمند افراد ہی معاش کا بہتر ذریعہ ثابت ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند قوم سماجی اور قومی ترقی میں موثر کردار ادا کر سکتی ہے ۔ چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ صوبے میں جاری ہیلتھ سیکٹر ریفارمز پروگرام کے تحت دیہی و بنیادی مراکز صحت میں طبی سہولیات کے معیار کو بہتر بنایا جا رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ز کمیوٹی ہیلتھ کیئر سسٹم میں بنیادی اہمیت رکھتی ہے ، اس لئے انہیں بہتر ماحول اور سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں جامع اصلاحات کے پروگرام کی بدولت عوام کو علاج کی جدید اور معیاری سہولتیں ان کی دہلیز پر میسر آ رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کمیشن فارہیومن ڈویلپمنٹ نے ہیلتھ کیئر کے گجرات ماڈل میں عوام کو بہترین سہولتیں فراہم کرنے کا عملی مظاہرہ کیا ہے ۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ کمیشن باقی اضلاع میں بھی اسے ماڈل بنا کر پرائمری ہیلتھ کیئر کے نظام کو بہتر کرنے میں اپنا موثر کردار ادا کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کمیشن فارہیومن ڈویلپمنٹ مینجمنٹ کے نئے طریقوں کے ذریعے عوام کو صحت کی بہتر سہولتوں کی فراہمی اور ڈاکٹروں کی پیشہ وارانہ مہارت بڑھانے کے لئے لائق تحسین کردار ادا کر رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے تین سالوں کے دوران نیشنل کمیشن فارہیومن ڈویلپمنٹ کی کارکردگی او رہیلتھ کیئر ڈیلیوری کے حوالے سے صوبائی حکومت کے ساتھ اشتراک قابل ستائش ہے ۔ وزیر مملکت و نیشنل کمیشن فارہیومن ڈویلپمنٹ کے چیئر مین ڈاکٹر نسیم اشرف نے کہا کہ نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ ، پنجاب حکومت اور ضلعی حکومتوں کے مابین اشتراک سے پرائمری ہیلتھ کیئر کے نظام کی ری سٹرکچرنگ عوام کو علاج کی بہتر سہولتوں کی فراہمی کا باعث بنے گی ۔