پاکستان اور ایران کے درمیان اقتصادی وتجارتی تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، گیس پائپ لائن منصوبہ کی جلد تکمیل ہونی چاہیے ۔ وزیر اعظم شوکت عزیز کی ایرانی وزیر صحت سے بات چیت

جمعہ 12 جنوری 2007 17:54

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین12جنوری2007 ) وزیر اعظم شوکت عزیز نے پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی تاریخی تعلقات کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان خیر سگالی اور دوستانہ تعلقات کو وسیع اقتصادی تعلقات میں بدلنے کی ضرورت پرزور دیا ہے اس امر کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ایرانی وزیر صحت ڈاکٹر کامران بغیری لنکرانی سے گفتگو کے دوران کیا جنہوں نے ان سے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی شوکت عزیز نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ کے بھرپور مواقع موجود ہیں جن سے ابھی پوری طرح استفادہ نہیں کیا گیا انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاک افغان سرمایہ کار کمپنی کے قیام اور ترجیحی تجارت کے معاہدے پی ٹی اے پر دستخط سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو فروغ حاصل ہوگا وزیر اعظم نے کہا کہ ایران پاکستان کا اہم پڑوسی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ مذہب ، تاریخ ، ورثے اور اقدار پر مبنی دیرینہ اور پائیدار تعلقات قائم ہیں جنہیں پاکستان خصوصی اہمیت دیتا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بلند شرح نمو اور اقتصادی ترقی کی وجہ سے ملک میں توانائی کی ضروریات میں اضافہ ہو رہا ہے اور پاکستان ایران کے ساتھ توانائی کے شعبوں میں تعلقات بڑھانے کا خواہش مند ہے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کی خواہش ہے کہ ایران سے پاکستان کو بجلی کی فراہمی بڑھائی جائے انہوں نے ایران ، پاکستان ، بھارت گیس پائپ لائن منصوبے کی تینوں فریقین کیلئے قابل قبول شرائط پر جلد تکمیل کی ضرورت پر زور دیا ، وزیر اعظم نے ایرانی وزیر صحت کے ساتھ ملاقات کے دوران اسلامی تاریخ کے اس سنہری دور کا ذکر کیا جب مسلم سائنسدان اور طبیب سنجیدہ تحقیق اور سائنسی حوالے سے مختلف امورپر کام کرتے رہے جس کی وجہ سے بعد میں مختلف ایجادات اور دریافتوں میں مدد ملی ، انہوں نے کہا کہ مسلم دنیا کو تعلیم اور تحقیق کے شعبے میں سرمایہ کاری کی ضرورت ہے جس سے ان کی معاشی ترقی ، خود مختاری اور فیصلوں میں آزادی کی ضمانت ملے گی ، وزیر اعظم نے کہا کہ صدر مشرف کی طرف سے سات سال قبل کی گئی اصلاحات کے نتیجے میں ملک کے اقتصادی اور سماجی پیش منظرمیں نمایاں بہتری آئی ہے انہوں نے کہا کہ آج کا پاکستان کل کے پاکستان کے مقابلے میں مختلف ہے لوگوں کو اپنے ملک اور قومیت پر فخر ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان ایٹمی توانائی کے عالمی ادارے کی سیف گارڈز کے تحت پر امن مقاصد کیلئے ایران کے ایٹمی ٹیکنالوجی کے استعمال کے حق کو تسلیم کرتا ہے تاہم وہ ایٹمی پھیلاؤ کے خلاف ہے ، صحت کے شعبے میں اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت نے مختلف بیماریوں سے متعلق آگاہی کی مہمیں شروع کررکھی ہیں اور وہ ملینیم ترقی اہداف کے حصول کے عزم پر کار بند ہیں تاکہ عوام کو صحت کی بہتر سہولیات مہیا کی جاسکیں ایرانی وزیر صحت نے مختلف علاقائی اور عالمی امور پر پاکستانی موقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے علاقائی امن اورسلامتی میں مدد مل رہی ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی تعلقات ہیں اور دونوں ممالک کے مفاد میں باہمی اقتصادی اور تجارتی فروغ دینے کی ضرورت ہے ، ڈاکٹر کامران بغیری لنکرانی نے کہا کہ دونوں ممالک کو بائیوٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں میں رابطے قائم کرنے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ ایران ویکسین کی تیاری میں پاکستان کی مدد کرنے کو تیار ہے انہوں نے کہا کہ ایران سہہ فریقی گیس پائپ منصوبے کی تکمیل کا خواہش مند ہے اور اس حوالے سے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ملاقات کے دوران وفاقی وزیر صحت محمد نصیر خان اورمتعلقہ افسران نے بھی شرکت کی ۔