ملتان‘ آتش بازی کے سامان میں دھماکا ،خاتون سمیت 7افرادجاں بحق، متعدد شدید زخمی ، زخمیوں میں بعض کی حالت نازک ، ماں بیٹے کو زندہ نکال لیا گیا، کئی افراد ملبے تلے دبنے کا بھی خدشہ،4دکانیں اورچار منزلہ عمارت تباہ ،حسین آگاہی چوک بازار کی تنگ گلیاں ہونے کے سبب ریسکیو کے کاموں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،پولیس نے مکان کے مالک کو حراست میں لے لیا،وزیر اعلیٰ پنجاب ذمہ دار حکام سے رپورٹ طلب کرلی، ہسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت،آئی جی پولیس نے واقعہ کا نوٹس لیکر تحقیقات کا حکم دیدیا

ہفتہ 4 اگست 2012 16:13

ملتان کے گنجان آباد علاقے حسین آگاہی چوک بازارمیں آتشبازی کا سامان تیار کرنے والے مکان میں دھماکے کے نتیجے میں خاتون سمیت 7 افرادجاں بحق اور متعدد شدید زخمی ہو گئے، زخمیوں میں بعض کی حالت نازک ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، دھماکے سے4دکانیں اورچار منزلہ عمارت تباہ ہوگئی ہے،ملبے سے ماں بیٹے کو زندہ نکال لیا گیا، متعدد افراد ملبے تلے دبنے کا بھی خدشہ ہے ،پولیس نے آتشبازی کا سامان تیار کرنے کے الزام میں مکان کے مالک کو حراست میں لے لیا ہے ،گرفتار زوالفقار نامی شخص کا کہنا ہے کہ مکان اس اکے سسر کا ہے اسے غلط حراست میں لیا گیا ہے۔

ہفتہ کی صبح دھماکا چوک بازار میں سکول کے قریب ہو اجو کہ کبوتر منڈی کا علاقہ بھی کہلاتا ہے۔یہ علاقہ چھوٹی چھوٹی گلیوں اور چھوٹے چھوٹے مکانات پر مشتمل ہے ۔

(جاری ہے)

تنگ گلیاں ہونے کے سبب ریسکیو کے کاموں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ فون کر کے مدد مانگنے والا عامر زخمی کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ ملبے سے 3لاشیں بھی برآمد ہوئی ہیں۔ ایک لاش کی شناخت اشفاق پرویز کے نام سے ہوئی ہے۔ امدادی ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر زخمیوں کو نشتر ہسپتال منتقل کردیا۔ یہ علاقہ رہائشی اور گنجان ہے اور یہاں زیادہ تر گھروں اور کارخانوں میں آتش بازی کاسامان تیار کیا جاتا ہے۔ پولیس نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ دھماکے سے قریبی عمارات کو بھی سخت نقصان پہنچا ہے