سہ ملکی گیس پائپ لائن کی شرائط کو جلد حتمی شکل دینے کی ضرورت ہے،وزیراعظم شوکت عزیز،شرائط تمام فریقین کیلئے قابل قبول ہونی چاہئیں، بڑھتی ہوئی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے ایران سے گیس کیساتھ بجلی بھی درآمد کرنا چاہتے ہیں، پاک ایران مشترکہ سرمایہ کار کمپنی کے قیام اور ترجیحی تجارت کے سمجھوتے سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ حاصل ہو گا، وزیر اعظم کی ایران کے وزیر برائے صحت و طبی تعلیم سے ملاقات کے دوران گفتگو

جمعہ 12 جنوری 2007 21:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12جنوری۔2007ء) وزیر اعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ سہ ملکی گیس پائپ لائن کے حوالے سے شرائط کو جلد حتمی شکل دینے کی ضرورت ہے اور یہ شرائط تمام فریقین کیلئے قابل قبول ہونی چاہئیں، پاکستان توانائی کی بڑھتی ہوئی ضرورت کے پیش نظر ایران سے گیس اور بجلی درآمد کرنا چاہتا ہے، پاکستان ایران سرمایہ کار کمپنی کے قیام اور ترجیحی تجارت کے سمجھوتے سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور اقتصادی تعلقات کو فروغ حاصل ہو گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعے کے روز یہاں ایران کے صحت اور طبی تعلیم کے وزیر ڈاکٹر کمران باقری منگرانی سے ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان توانائی کی بڑھتی ہوئی ضرورت کے پیش نظر ایران کیساتھ توانائی کے شعبے میں تعلقات کا فروغ چاہتا ہے اور ایران سے گیس کے ساتھ بجلی بھی درآمد کرنا چاہتا ہے۔ وزیر اعظم نے پاک، بھارت ایران مجوزہ گیس پائپ لائن کی شرائط کو جلد حتمی شکل دینے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ یہ شرائط تمام فریقوں کیلئے قابل قبول ہونی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران مشترکہ سرمایہ کار کمپنی کے قیام اور ترجیحی تجارت کے سمجھوتے سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور اقتصادی تعلقات کو فروغ حاصل ہو گا۔