کوئٹہ،زائرین کی بس پر خود کش حملہ، 5 جاں بحق، متعدد مسافر زخمی، بس میں30سے 40مسافر سوارتھے، طبی سہولیات بروقت نہ ملنے سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ

منگل 18 ستمبر 2012 19:28

کوئٹہ تفتان روڈ پر زائرین کی بس پر خودکش حملے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات، طبی سہولیات بروقت نہ ملنے سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ۔نجی ٹی وی کے مطابق زائرین سے بھری بس کوئٹہ تفتان روڈ سے سیکیورٹی کے بغیر گزر رہی تھی کہ اس میں اچانک دھماکہ ہوگیا جس سے بس میں آگ لگ گئی۔ مسافروں نے جلتی بس کی کھڑکیوں سے نکلنے کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

دھماکے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ لیویز ذرائع کے مطابق بس میں 30 سے 40 مسافر سوار تھے ۔ دھماکے سے لیویز کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچا جس سے 3 اہلکاروں کے بھی زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ یہ اندوہناک واقعہ کوئٹہ سے 20 کلومیٹر دور تفتان روڈ پر پیش آیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی لیویز کی بھاری نفری ایمبیولینسز اور امدادی کارکن جائے حادثہ کی جانب روانہ ہو گئے اور خودکش حملے میں زخمی مسافروں اور جاں بحق ہونے والے افراد کی نعشوں کو ایمبیولینسوں کے ذریعے مختلف ہسپتالوں میں طبی امداد کے لئے پہنچا دیا گیا