ملالہ کیلئے 48 گھنٹے اہم ، صحت بہتر ہو رہی ہے ،ملکی اور غیر ملکی ڈاکٹر ملالہ کا علاج کر رہے ہیں ،آئی ایس پی آر، ملالہ پر حملے میں ملوث3ملزمان گرفتار، گرفتار شدگان میں ایک خاتون بھی شامل

جمعہ 12 اکتوبر 2012 18:10

ملالہ کی صحت کیلئے آئندہ چھتیس سے اڑتالیس گھنٹے اہم ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ ملالہ پر حملے کی تحقیقات ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کا عمل جاری ہے ۔راولپنڈی میں میڈیا کو بریفنگ دیتے میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ ملالہ یوسف زئی کو آئی سی یو میں شفٹ کر دیا گیا جو تاحال بے ہوش اور وینٹی لیٹر پر ہے ۔

اس کی صحت کیلئے آئندہ چھتیس سے اڑتالیس گھنٹے اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی اور غیر ملکی ماہر ڈاکٹر ملالہ کا علاج کر رہے ہیں۔ ڈاکٹروں کا بورڈ مسلسل مشاورت کر رہا ہے جن کے مطابق ملالہ کی حالت تسلی بخش ہے اور اس کی حالت بہتر ہو رہی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں کی ہدایت پر ملالہ یوسف زئی کو راولپنڈی منتقل کیا گیا تاہم بیرون ملک بجھوانے کا فیصلہ نہیں ہوا دوسری جانبسوات پولیس نے ملالہ یوسفزئی پر حملے میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے ۔

(جاری ہے)

حملہ آوروں کے ساتھ ایک خاتون کو بھی حراست میں لیا گیا ہے ۔ ملالہ یوسفزئی پر حملے کے بعد سوات پولیس نے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیوں کا سلسلہ شروع کیا تھا جس کے نتیجے میں پولیس کو ایک اہم کامیابی ملی ہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملالہ پر حملے میں ملوث تین ملزمان گرفتار کیے گئے ہیں جبکہ ایک خاتون کو بھی حراست میں لیا گیا ہے ۔ گرفتار ملزمان کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے