سندھ میں ملالہ اور دیگر زخمی طالبات کی جلد صحت یابی کیلئے ”یوم دعا“منایا گیا،اسکولوں میں دعائیں ، ملک بھر میں وکلا کی ہڑتال،احتجاجی ریلیاں، بار رومز پر سیاہ پرچم لہرادئیے گئے ،صحت یابی کیلئے دعائیں، اجلاسوں میں مذمتی قراردادیں منظور، حملہ آوروں کو کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے ٹھوس اقدامات کا مطالبہ

ہفتہ 13 اکتوبر 2012 16:46

کراچی/راولپنڈی/اسلام آباد/لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین، آئی این پی ۔13اکتوبر 2012ء) صوبائی حکومت کے اعلان پرسندھ کے تمام سرکاری اسکولوں میں ملالہ یوسفزئی کی صحتیابی کیلئے” یوم دعا “ منایا گیا۔جبکہ ملالہ یوسفزئی پر حملہ کیخلاف پاکستان بار کونسل، پنجاب بار کونسل اور سپریم کورٹ بار کونسل کی اپیل پر ملک بھر میں وکلا نے ہڑتال کی اور عدالتوں کا بائیکاٹ کرکے احتجاجی ریلیاں نکالیں۔

بار رومز پر احتجاجا ًسیاہ پرچم لہرادئیے گئے ہیں،وکلا نے اجلاسوں میں مذمتی قراردادیں منظور کیں۔ ہفتہ کوحکومت سندھ کی جانب سے ملالہ یوسف زئی کی صحت یابی کیلئے یوم دعا کے اعلان پر کراچی کے سرکاری اسکولوں میں یوم دعا منایا گیا۔ کراچی میں طلبہ و طالبات اور اساتذہ نے قوم کی بہادربیٹی کی جلد صحت یابی کیلئے دعا ئیں کیں۔

(جاری ہے)

دعا کے لئے ہاتھ اٹھائے طالبات اللہ کی بارگاہ میں ملالہ کی جلد صحت یابی کے لئے دعاگو ہیں۔

اساتذہ نے کہا کہ ملالہ قوم کی بیٹی ہے وہ بہادر طالبہ کیلئے یوم دعا مناکر دہشت گردوں کو یہ پیغام دے رہے ہیں کہ ملالہ تنہا نہیں، بلکہ پوری قوم اس کے ساتھ ہے۔ اسکول ٹیچرز کا کہنا تھا کہ ملالہ کے ساتھ ساتھ دیگر زخمی طالبات کو بھی نہیں بھولنا چاہئیے اور قوم اپنی دعاؤں میں ان بچیوں کو بھی یاد رکھے۔دوسری جانب ملالہ یوسفزئی پر حملہ کیخلاف پاکستان بار کونسل، پنجاب بار کونسل اور سپریم کورٹ بار کونسل کی اپیل پر راولپنڈی،اسلام آباد، لاہور ،فیصل آباد، ملتان ، گوجرانوالہ،کراچی، سکھر، کوئٹہ، پشاور اور دیگر علاقوں میں وکلا عدالتوں میں عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے۔

ریڈرز مقدمات میں آئندہ کی تاریخ دیتے رہے۔ وکلا نمائندوں کے اجلاس بار رومز میں ہوئے جن میں ملالہ پر حملہ کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں۔ بعض شہروں میں وکلا نے احتجاجی ریلیاں بھی نکالیں۔ ملالہ کی صحت یابی کے لیے دعائیں بھی کی گئیں۔وکلا رہنما کا کہنا ہے کہ حکومت ملالہ یوسفزئی پر قاتلانہ حملے میں ملوث دہشتگردو ں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔