عوام عام انتخابات میں چوروں اور لٹیروں کو مسترد کردیں گے، پورے ملک میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہوگی، سیاسی اتحادوں کے امکانات کو رد نہیں کیا جاسکتا ، علی بابا چالیس چوروں کے ٹولے نے سازشیں کر کے قوم کا وقت ضائع کیا ہے، ملالہ یوسف زئی پر حملہ پوری قوم پر حملہ ہے، اللہ تعالی ملالہ کو صحت یابی عطا فرمائے، اٹک کا دانش سکول ملالہ کے نام سے منسوب کردیا ہے، اوکاڑہ میں ملالہ کے حق میں جلوس نکالنے والے طلباء کے خلاف پرچے واپس لینے اور کالج سے خارج طلباء کو بحال کرنے کی ہدایت کردی ہے ،وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا اوکاڑہ کا دورہ، ایم پی اے یاور زمان کی والدہ اورمعین وٹو کے بھائی کے انتقال پر ان کے گھر جاکر اظہار افسوس

ہفتہ 13 اکتوبر 2012 20:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔13اکتوبر ۔2012ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملالہ یوسف زئی پر حملہ پوری قوم پر حملہ ہے- دعا ہے کہ اللہ تعالی ملالہ کو جلد صحت یابی عطا فرمائے-میں نے گزشتہ روز راولپنڈی کے ہسپتال میں جا کر ملالہ یوسف زئی کے والد سے ملاقات کرکے قوم کی اس ہونہار بیٹی کی خیریت دریافت کی- اللہ تعالی کے فضل و کرم اور قوم کی دعاؤں سے قوی امید ہے کہ قوم کی بیٹی ملالہ یوسف زئی جلد صحت یاب ہو کر ہمارے درمیان موجود ہوگی- پنجاب حکومت نے ملالہ یوسف زئی کی خدمات کے اعتراف میں اٹک کے دانش سکول کو ملالہ یوسف زئی سے منسوب کردیا ہے- اس دانش سکول میں سوات کی طالبات کیلئے ملالہ یوسف زئی کے نام پر خصوصی نشستیں بھی مختص کی جائیں گی۔

ہفتہ کواوکاڑہ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں عوام چوروں اور لٹیروں کو مسترد کردیں گے اور اللہ کے فضل سے پورے ملک میں آئندہ حکومت مسلم لیگ (ن) ہی کی ہوگی- آئندہ عام انتخابات سے قبل سیاسی اتحادوں کے امکانات کو رد نہیں کیا جاسکتا اور مسلم لیگ (ن) بھی دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر انتخابی اتحاد بناسکتی ہے-انہوں نے کہا کہ علی بابا چالیس چوروں کے ٹولے نے سازشیں کر کے قوم کا وقت ضائع کیا ہے- اگر سوئس عدالت کو خط لکھنا ہی تھا تو ساڑھے چار برس تک عوام کو بے وقوف کیوں بنایا گیا- ملک و قوم کو اندھیروں میں دھکیل کر صنعت اور زراعت کو تباہ کر دیا گیا ہے - قومی اداروں کو کنگال کیا گیا ہے- انہو ں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا احتساب بل کرپشن کے خاتمے کا نہیں بلکہ کرپشن کو بچانے کا بل ہے جس کی ہم قومی اسمبلی سمیت ہر فورم پر بھرپور مخالفت کرتے رہیں گے- یہ بل حکمرانوں کی کرپشن کو تحفظ دینے کی کوشش ہے- وزیراعلی نے کہا کہ نواز شریف اگر قائدانہ کردار ادا نہ کرتے تو فخر الدین جی ابراہیم جیسی غیر متنازعہ شخصیت کو چیف الیکشن کمشنر نہیں بنایا جاسکتا تھا۔

(جاری ہے)

اوکاڑہ کے دورے کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے اچانک ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کا معائنہ کیا- انہوں نے ہسپتال میں نامناسب انتظامات کی صورتحال پر ناراضی کا اظہار کیا - اس موقع پر انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کی سہولت کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں جبکہ اس ضمن میں طویل مدت کی منصوبہ بندی بھی کی جائے تاکہ مریضوں کو ہسپتال میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے- وزیراعلی نے ملالہ یوسف زئی کے حق میں جلوس نکالنے والے طلباء کے خلاف کارروائی کا نوٹس لیتے ہوئے طلباء کے خلاف پرچے فوری واپس لینے کی ہدایت کی- انہوں نے کالج سے خارج کئے گئے طلباء کو بحال کرنے کی بھی ہدایت کی۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف آج مختصر دورے پر اوکاڑہ گئے اور سنےئر مسلم لیگی رہنما میاں محمد زمان کی اہلیہ اور ایم پی اے میاں محمد یاور زمان کی والدہ کے انتقال پر ان کے گھر جاکر اظہار افسوس کیا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحومہ کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ بعدازاں وزیراعلیٰ تحصیل دیپالپور کے موضع جمال کوٹ میں مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے میاں محمد معین خان وٹو کے گھر گئے اور ان کے بھائی کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا اور فاتحہ خوانی کی۔ صوبائی وزیر چودھری عبدالغفور، ارکان اسمبلی علی عباس کھوکھر، جاوید علاؤالدین، چوہدری ندیم عباس ربیرہ اور میاں محمد منیر بھی وزیراعلیٰ کے ساتھ تھے-