ملالہ یوسفزئی کی حالت تسلی بخش ہے، ملالہ نے ہاتھ پاؤں ہلائے ہیں ، یہ مثبت پیش رفت ہے، ان کی بے ہوشی کی دواؤں میں کمی کر دی گئی ہے،ضرورت پڑی تو ملالہ کو بیرون ملک بھجوانے کا فیصلہ کیاجائیگا،شمالی وزیرستان میں آپریشن کا فیصلہ سیاسی قیادت کریگی،ملالہ حملے کی تحقیقات جارہی ہیں ،متعد د افراد کو حراست میں لیا گیا ہے،آئی ایس پی آرکے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ کی ملالہ یوسفزئی کی صحت کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ

ہفتہ 13 اکتوبر 2012 21:23

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔13اکتوبر ۔2012ء) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر ) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے ملالہ یوسفزئی کی حالت کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملالہ نے ہاتھ پاؤں ہلائے ہیں جو مثبت پیش رفت ہے،ملالہ کی بے ہوشی کی دواؤں میں کمی کر دی گئی ہے،ضرورت پڑی تو ملالہ کو بیرون ملک بھجوانے کا فیصلہ کیاجائیگا،شمالی وزیرستان میں آپریشن کا فیصلہ سیاسی قیادت کرے گی،ملالہ پر حملے کی تحقیقات جارہی ہیں متعد د افراد کو حراست میں لیا گیا ہے ۔

وہ ہفتہ کو یہاں ملالہ یوسفزئی کی صحت کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے ۔انھوں نے کہاکہ ملالہ کو ہیڈ انجری ہوئی ہے معمول پر آنے میں وقت لگے گا،ملالہ کی بے ہوشی کی دواؤں میں کمی کر دی گئی ہے ،ملالہ نے آج ہاتھ پاؤں ہلائے ہیں جو مثبت پیش رفت ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہاکہ ڈاکٹرز نے فی الحال ایسا فیصلہ نہیں کیا کہ ملالہ کو بیرون ملک بھیجا جائے جب ضرورت پڑی تو ملالہ کو بیرون ملک بھجوانے کا فیصلہ کیاجائیگا۔

میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہاکہ ملالہ اب تک وینٹی لیٹر پر ہے تاہم اسکی حالت تسلی بخش ہے ، ڈاکٹروں کا پینل مسلسل ملالہ کی نگداشت میں مصروف ہے ۔انھوں نے کہاکہ وینٹی لیٹر ہٹانے کا فیصلہ ڈاکٹرز (کل) اتوارکو کریں گے ،ملالہ کے ساتھ زخمی ہونے والی دو طالبات کا بھی علاج کیا جارہاہے ۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاکہ دہشتگردی کے خلاف طویل عرصے سے جنگ لڑ رہے ہیں،شمالی وزیرستان میں آپریشن کا فیصلہ راتوں رات نہیں ہوسکتا،شمالی وزیرستان میں آپریشن کا فیصلہ سیاسی قیادت کرے گی ۔انھوں نے کہاکہ ملالہ پر دہشتگردی کے حملے کی تحقیقات کی جارہی ہیں متعد د افراد کو حراست میں لیا گیا ہے ۔