آفتاب احمد شیرپاؤ کا اے ایف آئی سی راولپنڈی کادورہ ،ملالہ یوسفزئی کی عیادت ، ہماری پارٹی اورتمام عوام ملالہ یوسفزئی کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں،ملالہ یوسفزئی صرف پاکستان نہیں دنیا بھر میں امن پسند لوگوں کیلئے بہادری کی زندہ مثال ہے ،ہماری پارٹی ملالہ یوسفزئی کی عزم کو آگے بڑھانے میں ان کا ساتھ دے گی، غفلت کے مرتکب عناصر کی نشاندہی کی جائے اورحملہ آوروں کو جلد سے جلد گرفتارکرکے قانون کے کٹہرے میں لاکرقرار واقعی سزا دلاکر عوام کے جان و مال کے حفاظت کو یقینی بنایا جائے، پیپلز پارٹی( شیرپاؤ)کے چےئرمین کی ملالہ کے والد ضیاء الدین یوسفزئی کے ساتھ ملاقات میں بات چیت

ہفتہ 13 اکتوبر 2012 22:45

پشاور /راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔13اکتوبر ۔2012ء) پیپلز پارٹی( شیرپاؤ)کے چےئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ ملالہ یوسفزئی کی عیادت کیلئے آرمڈ فورسز انسٹیٹوٹ آف کارڈیالوجی ( اے ایف آئی سی )راولپنڈی گئے جہاں پر انھوں نے ملالہ یوسفزئی کے والد ضیاء الدین یوسفزئی کے ساتھ ملاقات کی اور انھیں حوصلہ دیا کہ ہماری پارٹی اور ملک کے تمام عوام ملالہ یوسفزئی کی جلد صحتیابی کیلئے دعائیں کر رہے ہیں کیونکہ ملالہ یوسفزئی امن ،بردباری اور بہادری کی ایک ایسی نشان بن گئی ہے جس پر ساری قوم کو فخر ہے۔

ہفتہ کو جاری ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ ملالہ یوسفزئی صرف پاکستان میں نہیں بلکہ دنیا بھر میں امن پسند لوگوں کیلئے بہادری کی ایک زندہ مثال ہے۔ملالہ یوسفزئی کا مشن پختونوں کو جہالت کے اندھیروں سے نکال کر تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہے ہماری پارٹی ملالہ یوسفزئی کی عزم کو آگے بڑھانے میں ان کا ساتھ دے گی ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ غفلت کے مرتکب عناصر کی نشاندہی کی جائے اورحملہ آوروں کو جلد سے جلد گرفتارکرکے قانون کے کٹہرے میں لاکرقرار واقعی سزا دلاکر عوام کے جان و مال کے حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔

انھوں نے ملالہ یوسفزئی کے والدکو ہر قسم کی تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ آپ کی بیٹی اب قوم کی بیٹی ہے اور پاکستانی قوم کو عموماً اور پختون قوم کو اس کی کارناموں ،بہادری پر فخر ہے۔ انھوں نے مرکزی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ دوسری زخمی طالبات کی بہترین علاج معالجہ پربھی بھرپور توجہ دی جائے۔اس موقع پر پارٹی کی مرکزی سیکرٹری جنرل اور سابقہ وفاقی وزیر انیسہ زیب طاہر خیلی ایڈووکیٹ بھی موجود تھی۔