پیپلز پارٹی خطے کی بلا تخصیص تعمیرو ترقی کے لیے زبانی جمع خرچ کی بجائے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے، اپوزیشن کے مینڈیٹ کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں مساوی ترقیاتی فنڈز دیے جار ہے ہیں ، ماضی کی انتقامی سیاست کی بجائے مفاہمتی پالیسی کے تحت تمام جماعتوں اور طبقوں کو ساتھ لیکر تحریک آزادی سمیت خطے کو حقیقی معنوں میں ترقی یافتہ بنا کر ماڈل اسٹیٹ بنانے کے مشن کو عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے،آزاد جموں وکشمیر کے وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید کی وفدسے گفتگو

اتوار 14 اکتوبر 2012 16:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔14اکتوبر ۔2012ء) آزاد جموں وکشمیر کے وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کی عوامی حکومت خطے کی بلا تخصیص تعمیرو ترقی کے لیے زبانی جمع خرچ کی بجائے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے اور اپوزیشن کے مینڈیٹ کو بھی تسلیم کرتے ہوئے انہیں مساوی ترقیاتی فنڈز دیے جار ہے ہیں اور ماضی کی انتقامی سیاست کی بجائے مفاہمتی پالیسی کے تحت تمام جماعتوں اور طبقوں کو ساتھ لیکر تحریک آزادی سمیت خطے کو حقیقی معنوں میں ترقی یافتہ بنا کر ماڈل اسٹیٹ بنانے کے مشن کو عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی سی ای سی کے ممبر راجہ محمد زمان آف کلیال بنسی کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پولیٹیکل سیکرٹری عامر ذیشان جرال بھی موجود تھے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ خالق آباد، اسلام گڑھ اور چتر پڑی کے بعد ضلع میرپور کے دیگر مہاجرین کو بھی مالکانہ حقوق عیدالاضحی کے بعد دینے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے اور اس کے بعد مر حلہ وار دیگر اضلاع کے مہاجرین کو بھی مالکانہ حقوق دیے جائینگے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام گڑھ اور چکسواری میں منی سٹیڈیم کی تعمیر کا آغاز بھی جلد کیا جائے گااور میرپور سے دھان گلی پل تک دو رویہ سڑک کی تعمیر کا آغاز بھی کیا جا چکا ہے۔ اسی طرح کوٹلی، باغ، اٹھمقام، راولاکوٹ میں بھی کئی میگا پراجیکٹس رواں مالی سال میں ہی شروع کیے جارہے ہیں اور تمام علاقوں میں یکساں ترقیاتی عمل کو آگے بڑھایا جارہا ہے۔

پی ایس ایف کے مرکزی سینئر وائس چیئرمین سردار عبدالشکور کی قیادت میں ملنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیرا عظم چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ پی ایس ایف پیپلز پارٹی کا بازوئے شمشیر زن اور ہر اول دستہ ہے اور عوامی حکومت ماضی میں پی ایس ایف کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں اور نظر انداز کیے جانے کے ازالہ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی اور پی ایس ایف کے پڑھے لکھے نوجوانوں کو ہر ممکن روزگار فراہم کرے گی اور ان کی سیاسی ایڈجسٹمنٹ کے لیے بھی ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے گی۔

انہوں نے کہا کہ میرپور میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور راولاکوٹ میں تیسرے میڈیکل کالج کے قیام کے لیے بھی رواں مالی سال میں عملی اقدامات اٹھانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے اور خطے میں تعلیمی انقلاب برپا کر کے زیادہ سے زیادہ تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لیے ٹھوس بنیادوں پر اقدمات اٹھائے جا رہے ہیں۔ راجہ زمان کی قیادت میں ملنے والے وفد میں راجہ محمد منیر، حاجی راجہ اختر اور راجہ قمر منیر بھی شامل تھے۔

جبکہ سردار عبدالشکور صدیق کے وفد کی ملاقات کے موقع پر رابطہ آفیسر چوہدری رفیق اور جبار بیگ بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید نے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی اور اتحادی جماعتوں میں کوئی اختلاف نہیں۔ بعض عناصر ڈس انفارمیشن پھیلا کر حکومت کو تعمیر و ترقی کے مشن سے ہر گز ڈی ٹریک نہیں کر سکتے اور نہ ہی حکومت خطے کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے مشن سے پیچھے ہٹے گی۔

متعلقہ عنوان :