وزیراعظم کی اپیل پر (کل ) ملالہ یوسفزئی کی صحت یابی کے لیئے آزادکشمیر میں یوم دعا منایا جائے گا

اتوار 14 اکتوبر 2012 16:39

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔14اکتوبر ۔2012ء) پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے سربراہ ، ریاست جموں وکشمیر کے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کی اپیل پر کل بروز سوموار امن کی سفیر محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے آفاقی مشن کی پیروکار ملالہ یوسفزئی کی صحت یابی کے لیئے آزادکشمیر ، پاکستان اور دنیا بھر میں یوم دعا منایا جائے گا۔

اس ضمن میں تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر اور اس کی ذیلی تنظیم ہاء بالخصوص تعلیمی ادارہ جات سمیت تمام مکاتب فکر دعائیہ تقریب میں شرکت کریں گے۔ پارٹی کے میڈیا ایڈوائزر شوکت جاوید کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق دارالحکومت مظفرآباد میں سب سے بڑا دعائیہ اجتماع معروف روحانی پیشوا حضرت سائیں سخی سہیلی سرکار کے مزار پر ہو گا۔

(جاری ہے)

جس میں وزراء کرام اور دیگر نمائندگان شرکت کریں گے ، اسی طرح تمام ضلعی، تحصیل ، سٹی ہیڈکوارٹرز پر تقریبات میں ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے زعماء شریک ہوں گے۔ جب کہ برطانیہ ، امریکہ ، کینیڈا اور مشرق وسطیٰ میں وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید کی ہدایت پر دعائیہ اجتماعات منعقد کیئے جائیں گے۔ ملالہ یوسفزئی کی صحت کاملہ و عاجلہ کے لیئے رب ذوالجلال سے دست دعا بلند کیئے جانے کے علاوہ پارٹی کے بانی چہیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو، دختر مشرق محترمہ بے نظیر بھٹو سمیت پاکستان اور آزادکشمیر کے شہداء اور شہدائے جمہوریت اور دہشت گردی، سیلاب اور قدرتی آفات کا نشانہ بننے والے نہتے انسانوں کے لیئے بھی دعائیں کی جائیں گی۔

پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداریء ، شریک چیئرمین صدر پاکستان آصف علی زرداری ، وزیراعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف، سیاسی امور کی انچارج محترمہ فریال تالپور، پی پی پی آزادکشمیر کے صدر ، وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کی قیادت میں قائم جمہوری حکومتوں کی طرف سے یوم عشق یا رسول اللہ منانے کے عالمگیر فیصلے کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :