قومی ترقی کے حصول کے لئے صحت مند معاشر ے کی تشکیل اہمیت کا حامل ہے،بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفہ رکھے بغیر ایک تندرست اور صحت مند معاشرے کی تشکیل کسی صورت ممکن نہیں ،بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفے سے کے اُصولوں پر عمل کرکے ہم ایک خوشحال قوم بن سکتے ہیں،صوبائی وزیر بہبود آبادی سلیم خان کا تقریب سے خطاب

اتوار 14 اکتوبر 2012 20:27

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔14اکتوبر ۔2012ء) صوبائی وزیر بہبود آبادی سلیم خان نے کہا ہے کہ قومی ترقی کے حصول کے لئے صحت مند معاشر ے کی تشکیل انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفہ رکھے بغیر ایک تندرست اور صحت مند معاشرے کی تشکیل کسی صورت بھی ممکن نہیں ۔بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفے سے کے اُصولوں پر عمل کرکے ہم ایک خوشحال قوم بن سکتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روزتولیدی مرکز صحت بونی کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اُنہوں نے کہا کہ بہبود آبادی پروگرام صوبے کے عوام میں خاندانی منصوبہ بندی اور تولیدی صحت کے بارے میں شعور پیدا کرنے کے لئے اور اس حوالے سے لوگوں کو خدمات و سہولیات اُن کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لئے دن رات کام کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفہ ہی ایک واحد طریقہ ہے جس کے ذریعے آبادی اور وسائل میں توازن قائم کرکے سے ایک صحت مند اور خوشحال معاشرے کا قیام عمل میں لایاجاسکتا ہے ۔

حکومت اس سلسلے میں عوام تک بہبود آبادی کی سہولیات پہنچانے کے لئے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے تاکہ ایک مستحکم آبادی کے حصول کو ممکن بنایا جاسکے اور علاقے میں تولیدی مرکز صحت کا قیام بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔صوبائی وزیر نے عوام پر زور دیا کہ وہ ایک صحت مند معاشرے اور مستحکم آبادی کی تشکیل کے لئے بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفہ رکھیں جو نہ صرف ماں اور بچے کی صحت کے لئے مفید ہے بلکہ ایک خوشحال اور صحت مند خاندان کی بھی ضمانت ہے ۔

انہوں نے عوامی نمائندوں اور ذرائع ابلاع کے نمائندوں پر بھی زور دیا کہ وہ بچوں کی پیدائش میں وقفے کی افادیت کے بارے میں عوام میں شعور اُجاگر کرنے کے لئے اپنا اہم کردار ادا کریں ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی آفیسر بہبودآبادی چترال سلیمان خان نے تولیدی مرکز صحت میں فراہم کی جانے والی سہولیات اور خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ مرکز میں عمومی بیماروں اورخاندانی منصوبہ بندی کے لئے ادویات اور زچہ وبچہ کی صحت کی سہولیات مفت فراہم کی جاتی ہیں جبکہ مرکز کے فیلڈ اسٹاف کے زریعے لوگوں کو خاندانی منصوبہ بندی کے حوالے سے مفید مشورے بھی دیے جاتے ہیں ۔

بعدازاں صوبائی وزیر نے تختے کی نقاب کشائی کرکے تولیدی مرکز صحت کا باقاعدہ افتتاح کیا اور مرکز کے مختلف حصوں کا معائینہ بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :