کسی قسم کے نفسیاتی دبا کا شکار نہیں، اپنے فرائض مثبت انداز میں انجام دے رہا ہوں، صحت سے متعلق منفی خبریں مذاق کے علاوہ کچھ نہیں، دسمبر میں دورہ بھارت تک پاکستان میں ہی قیام کرونگا، ڈومیسٹک کرکٹ میں کرکٹرز کی کارکردگی کا جائزہ لونگا ،پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ ڈیو واٹمورکابرطانوی اخبار کو انٹرویو

پیر 15 اکتوبر 2012 12:38

لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین، آئی این پی ۔15اکتوبر 2012ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ ڈیو واٹمورنے کہا ہے کہ وہ کسی قسم کے نفسیاتی دبا کا شکار نہیں، اپنے فرائض مثبت انداز میں انجام دے رہے ہیں، ان کی صحت سے متعلق منفی خبریں مذاق کے علاوہ کچھ نہیں۔برطانوی اخبار کو ایک انٹرویو میں ڈیو واٹمور کا کہنا تھا کہ سری لنکا میں ہونے والے حالیہ ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم نے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی جو ایک تسلی بخش کارکردگی ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میڈیا میں ان کی صحت کے حوالے سے غلط خبریں پھیلائی گئی جس کا مقصد ٹیم کا مورال ڈاؤن کرنا ہے۔ ڈیو واٹمور نے کہا کہ انہیں کوئی نفسیاتی دبا ؤنہیں اور وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ کے فرائض مثبت انداز میں سر انجام دے رہے ہیں۔ قومی ٹیم کے کوچ نے اس بات کی تردید کی کہ وہ اپنے وطن آسٹریلیا جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دسمبر میں دورہ بھارت تک وہ پاکستان میں ہی قیام کریں گے اور ڈومیسٹک کرکٹ میں کرکٹرز کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔