ملالہ یوسفزئی علاج کی غرض سے برطانیہ روانہ، برمنگھم کے اسپتال میں بچوں کے نگہداشت سینٹر منتقل کیا جارہا ہے ،بیرون ملک بھیجنے اور علاج کے اخراجات حکومت برداشت کرے گی ،ملالہ کو مکمل صحت یابی کے لیے طویل نگہداشت کی ضرورت ہے،بیرون ملک بھجوانیکافیصلہ ڈاکٹروں کے بورڈ نے اہل خانہ کی مشاورت سے کیا ، آئی ایس پی آر

پیر 15 اکتوبر 2012 14:17

اسلام آباد (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین، آئی این پی ۔15اکتوبر 2012ء) قاتلانہ حملے میں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلاملالہ یوسفزئی کوبہتر علاج کے لئے پیر کو جدید ایئر ایمبولنس کے ذریعے برطانیہ روانہ کردیا گیا۔ بیرون ملک بھیجنے اور علاج کے اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملالہ کو مکمل صحت یابی کے لیے طویل نگہداشت کی ضرورت ہے،بیرون ملک بھجوانیکافیصلہ ڈاکٹروں کے بورڈ نے اہل خانہ کی مشاورت سے کیا۔

ڈاکٹرزکی ٹیم مسلسل ملالہ کی نگہداشت کررہی ہے۔ ملالہ کو طویل نگہداشت کی ضرورت ہے جس کے لئے برمنگھم کے اسپتال میں داخل کیا جائے گا۔آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ملالہ کو طویل مدت کے لیے علاج کی ضرورت ہے تاکہ ان کو لگی جسمانی اور ذہنی چوٹ کا علاج کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈاکٹروں نے فیصلہ کیا کہ ملالہ کو اگر علاج کے لیے بیرونِ ملک روانہ کرنا ہے تو اس وقت کیا جائے جب ان کی صحت بتدریج بہتر ہو رہی ہے اور وہ سفر کرنے کے قابل ہیں۔

بیان کے مطابق ملالہ یوسفزئی کو برطانیہ کے ایک بچوں کے نگہداشت سینٹر منتقل کیا جارہا ہے۔چودہ سالہ ملالہ یوسفزئی کے ہمراہ پاکستانی فوج کی ایک ڈاکٹروں کی ٹیم بھی روانہ ہوئی ہے۔ ملالہ کو سوات میں 9 اکتوبر کے حملے کے بعد ہنگامی طور پر سی ایم ایچ پشاور منتقل کیا گیا جہاں سے بعد میں انہیں بہتر علاج کے لئے راولپنڈی کے فوجی اسپتال لایا گیا تھا۔

ملالہ یوسفزئی پاکستان سے برطانیہ منتقل کرنے کے لئے شاہی ایمبولینس دبئی سے اسلام آباد کے بے نظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچی تھی۔ متحدہ عرب امارات سے خصوصی طور پر بھیجی جانے والے ایئر ایمبولینس جدید ترین سہولیات سے آراستہ ہے جس میں ایک چھوٹا آپریشن تھیٹر بھی شامل ہے۔ایئر ایمبولینس میں نرسنگ کا عملہ بھی پہلے سے موجود ہے۔ صدر آصف علی زرداری کی ہدایت پر طلب کی جانے والی ایئرایمبولینس کی فراہمی میں متحدہ عرب امارات کی حکومت نے خصوصی کردار ادا کیا ہے۔

ملالہ کو بیرون ملک بھیجنے کا فیصلہ طبی بورڈ نے کیا۔ گزشتہ روز ڈاکٹرز نے ملالہ یوسفزئی کو وینٹی لیٹر سے کچھ دیر کے لئے ہٹایاگیا تھا جس کے بعد ملالہ کے ہاتھ پاں ہلانے سے ڈاکٹروں کی امیدوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ ملالہ یوسفزئی کو برمنگھم کے ٹراما سینٹر میں داخل کرایا جائے گا۔ والدین اور چھوٹے بھائی بھی ملالہ یوسفزئی کے ساتھ برطانیہ روانہ ہوئے ہیں۔