تبدیلی دجالی اور کرپٹ نظام کا حصہ بننے سے نہیں اس نظام سے ٹکرانے سے آئے گی‘موجودہ انتخابی نظام ملک اور عوام کا سب سے بڑا دشمن ہے‘پاکستان کے مقتدر طبقے کی نفسیات فرعون جیسی ہے،وہ عوام کو غلام سمجھتے ہیں،شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا ورکرز کنونشن سے ویڈیو کانفرنس سے براہ راست خطاب

پیر 15 اکتوبر 2012 14:25

میرپور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین، آئی این پی ۔15اکتوبر 2012ء) شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ تبدیلی دجالی اور کرپٹ نظام کا حصہ بننے سے نہیں بلکہ اس سے ٹکرانے سے آئے گی۔موجودہ انتخابی نظام ملک اور عوام کا سب سے بڑا دشمن ہے۔پاکستان کے مقتدر طبقے کی نفسیات فرعون جیسی ہے،وہ عوام کو غلام سمجھتے ہیں۔کارکن سن لیں امسال 23دسمبر کو پاکستان آرہا ہوں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ اور پاکستان کی 225 تحصیلوں و دنیا کے100 ممالک میں ہونے والے عالمگیر ورکرز کنونشن سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے براہ راست خطاب کرتے ہوئے کیا۔ان کا خطاب بذریعہ انٹرنیٹ پوری دنیا میں دیکھا گیا۔تحریک منہاج القرآن نے جدید ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کر کے پوری دنیا کے کارکنوں کو براہ راست خطاب دیکھایا۔

(جاری ہے)

شیخ الاسلام ڈکٹر محمد طاہر القادری نے کہا موجودہ نظام جمہوریت نہیں مجبوریت ہے۔ایک فی صد کی عیاشی کے نظام کو جمہوریت نہیں کہا جا سکتا۔موجودہ نظام میں 18,19کروڑ عوام کو جینے کا حق بھی نہیں ہے ان سے بنیادی ضروریات بھی چھین لی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسمبلی کے فلور پر24گھنٹے جھوٹ بولا جاتا ہے۔سپریم کورٹ کے فیصلے ہوا میں اڑائے جا رہے ہیں ۔

پوری قوم کی پشت پر کوڑے مارے جا رہے ہیں۔پاکستان کو کوڑیوں کے عوض بیچا جا رہا ہے اور اسے کالونی بنا دیا گیا ہے۔آزادی اور خودمختاری کی بات کرنے والے جھوٹ اور فریب دے رہے ہیں۔18کروڑ عوام ایک فی صد لٹیروں کے ہاتھوں بے وفوف نہ بنیں بلکہ موجودہ نظام کے خلاف موثر جدوجہد شروع کر دیں۔موجودہ نظام کرپشن،ظلم،بربریت اور عوام دشمنی پر مبنی ہے۔تحریک منہاج القرآن کا تبدیلی نظام کا نعرہ ملک میں حقیقی تبدیلی کی بنیاد بنے گا۔

متعلقہ عنوان :