ملالہ یوسف زئی کی صحت یابی کے لیے تراڑکھل گرلز ڈگری کالج میں دعائیہ تقریب کا انعقاد

پیر 15 اکتوبر 2012 15:46

تراڑکھل(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین، آئی این پی ۔15اکتوبر 2012ء) ملالہ یوسف زئی کی صحت یابی کے لیے تراڑکھل گرلز ڈگری کالج میں دعائیہ تقریب کا انعقاد۔ ملالہ یوسف زئی ،شازیہ اور کائنات پر بزدلانہ حملے کی مذمت۔ تقریب کی صدارت پرنسپل ڈگری کالج تراڑکھل سردار شوکت حسین نے کی جبکہ مہمان خصوصی ایس ڈی ایم تراڑکھل ملک ایوب خان تھے۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے مہوش الطاف نے کیا۔

طالبہ رخسانہ نے حمد باری تعالیٰ جبکہ طالبہ عظمیٰ نے نعت رسول مقبول پیش کی۔سٹیج سیکریٹری کے فرائض معلمہ کوثر پروین نے سر انجام دئیے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہان خصوصی ملک ایوب خان ایس ڈی ایم تراڑکھل ، پرنسپل ڈگری کالج تراڑکھل سردار شوکت حسین ، طالبہ اقرا ء حفیظ، طالبہ صفیہ عظیم،جرنلسٹ نوید شاہین نے کہا کہ معصوم طالبات پر بزدلانہ حملہ قابل مذمت ہے۔

(جاری ہے)

آج پوری دنیا میں ملالہ یوسف زئی اور اس کی ساتھی طالبات پر حملے کی مذمت کر رہی ہے اور پوری دنیا میں ملالہ کی صحت یابی کی دعائیں کی جا رہی ہیں۔انھوں نے کہا کہ ملالہ یوسف زئی نے ایک ایسے وقت میں خصوصاً عورتوں کی تعلیم کے حق میں علم بلند کیا جب سوات مکمل طور پر دہشت گردوں کے چنگل میں تھا۔بلکہ سوات میں امن بحال کرنے کے سلسلے میں بھی ملالہ نے انتہائی اہم کردار ادا کیا۔

ان کی اس جرات اور بہادری کے صلے میں حکومت نے ملالہ کوستارہ جر ات سے نوازا۔انھوں نے کہا کہ ملالہ کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ملالہ پر حملے نے عوام میں طالبان کی رہی سہی حمایت بھی ختم کر دی ہے۔ ملالہ کی جرات و بہادری نے پاکستان کی عورتوں کو نیا عزم و حوصلہ دیا ہے۔ پرنسپل سردار شوکت حسین نے کہا کہ اسلام میں تعلیم کی اہمیت مسلہ ہے اور پہلی وحی بھی علم کے حوالے سے ہی آئی۔

سوات میں دہشت گردوں نے عورتوں کی تعلیم پر پابندی عائد کی ہوئی تھی ۔ملالہ نے علم کا جھنڈا بلند کرتے ہوئے ان دہشت گردوں کو للکارا ۔ جس کی پاداش میں ملالہ پر بزدلانہ حملہ کیا گیا۔انھوں نے کہا کہ آج پوری دنیا کے ہاتھ ملالہ کی صحت یابی کے لیے بلند ہیں۔ڈگری کالج کا تمام سٹاف اور تما م طالبات ملالہ کی صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔انھوں نے مطالبہ کیا کہ ملالہ اور دیگر طالبات پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو گرفتار کر کر کیفر کردارتک پہچایا جائے۔تقریب کے اختتام پر ملالہ کی صحت یابی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

متعلقہ عنوان :