ملالہ یوسفزئی برمنگھم کے نیو کوئن ایلزبتھ ہسپتال منتقل ، ایئر پورٹ پر ڈاکٹروں کی جانب سے طبی معائنہ ، ملالہ یوسف زئی کو علاج کیلئے بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی، 24 گھنٹوں میں 17 ڈاکٹرز ملالہ کا معائنہ کریں گے ، خصوصی نگہداشت میں رکھا جائیگا ،علاج میں کئی ہفتے یا اس سے زائد وقت لگ سکتا ہے، برطانوی ڈاکٹرز

پیر 15 اکتوبر 2012 23:12

برمنگھم (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔15اکتوبر ۔2012ء) سوات سے تعلق رکھنے والی عالمی امن ایوارڈ یافتہ ملالہ یوسفزئی کوپیر کی شب برمنگھم کے نیو کوئن ایلزبتھ ہسپتال منتقل کر دیا گیا اس قبل برمنگھم ائیرپورٹ پہنچنے پر ملالہ کا طبی معائنہ بھی کیا گیا ،برطانوی ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ ملالہ کے علاج میں کئی ہفتے یا اس سے زائد وقت لگ سکتا ہے،24 گھنٹوں میں 17 ڈاکٹرز ملالہ کا معائنہ کریں گے ۔

یو اے ای کی خصوصی ائیر ایمبولینس کے ذریعے ملالہ یوسف زئی کو راولپنڈی سے برمنگھم منتقل کیا گیا جہاں ائیرپورٹ پر ڈاکٹروں کی ٹیم نے ملالہ کا طبی معائنہ کیا۔ائیرپورٹ پر پاکستانی قونصل حکام بھی موجود تھے بعدازاں ملالہ کو کوئن ایلز بتھ اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ڈاکٹروں نے نیو کوئن اسپتال کے باہر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتا یا کہ ملالہ یوسف زئی کو علاج کے لیے بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی 24 گھنٹوں میں 17 ڈاکٹرز ملالہ کا معائنہ کریں گے ۔

(جاری ہے)

ملالہ کو خصوصی نگہداشت میں رکھا جائیگا۔برطانوی ڈاکٹروں کے مطابق ملالہ یوسفزئی کے ٹھیک ہونے میں کئی ہفتے لگ سکتے ہیں ،ملالہ کا سٹی اسکین کیا جائے گا ،اگلے مرحلے میں انکے زخموں کا اندازہ لگایا جائے گا۔راولپنڈی کے فوجی اسپتال میں چند روز زیر علاج رکھنے اور طبیعت کسی حد تک سنبھلنے پر ملالہ یوسفزئی کو بیرون ملک بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا ۔ میڈیکل بورڈ نے مسلسل طبی معائنے اور عالمی طبی ماہرین سے مشاورت کے بعد ملالہ کی بیرون ملک منتقلی کا فیصلہ کیا حتمی فیصلے سے پہلے ملالہ کے والدین سے اجاز ت لی گئی۔ جس کے بعد اسے ملالہ یوسف زئی کو متحدہ عرب امارات سے منگوائی گئی خصوصی ایئر ایمولینس میں فوجی ماہرین کی ٹیم اور ملالہ کے والدین کے ہمراہ روانہ کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :