کوئٹہ، فائرنگ کے 2مختلف واقعات میں پولیو ٹیم کے رکن سمیت 5افراد جاں بحق ، ایک لاش بر آمد

منگل 16 اکتوبر 2012 19:17

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔16اکتوبر ۔2012ء) کوئٹہ کے سرکی روڈ اور رند گڑھ میں فائرنگ کے 2مختلف واقعات میں پولیو ٹیم کے رکن سمیت 5افراد جاں بحق ، سردار کاریزکے علاقے سے ایک لاش بر آمد ہوئی ہے ۔تفصیلات کے مطابق منگل کی صبح کوئٹہ کے علاقے سرکی روڈ پر نامعلوم مسلح افراد نے ٹائر کی دکان میں موجود افراد پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 4افراد علی عطاء،محمدابراہیم ، سیدعیوض اور غلام علی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے واقعہ کے بعد پولیس نے نعشیں ہسپتال پہنچادی جاں بحق ہو نے والے افراد کا تعلق ہزارہ کمیونٹی سے ہے اور پولیس نے واقعہ کو فر قہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ قرار دیا ہے ، واقعہ کے بعد ہزارہ کمیونٹی کے افراد کی بڑی تعداد ہسپتال پہنچی اور جناح روڈ کو احتجاج کے طور پر بند کر دیا جبکہ سرکی روڈ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں دکانیں بھی لوگوں نے واقعہ کے بعدبند کر دی ،فائرنگ کا دوسرا واقعہ شہر کر نواحی علاقے مشرقی بائی پاس رند گڑھ میں پیش آیا جہاں پولیس کے مطابق نا معلوم مسلح افراد نے پولیو ٹیم پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ٹیم کا رکن عمران شدید زخمی ہوا جسے ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا۔

(جاری ہے)

ادھر تھانہ شالکوٹ کے علاقے سردار کاریز سے پولیس کو ایک نامعلوم شخص کی لاش ملی جسے انہوں نے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جہاں اسے محمد انور کے نام سے شناخت کر لیا گیا ہے پولیس کے مطابق مذکورہ شخص کو سرمیں گو لیاں مار کر قتل کیا گیا ہے تینوں واقعات سے متعلق پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ۔