آزاد کشمیر میں امن و امان کی صورتحال تسلی بخش ہے،مالیاتی ڈسپلن قائم کرتے ہوئے تمام ایشوز حل کیے جائیں گے،زلزلہ متاثرہ علاقوں میں سٹی ڈویلپمنٹ پراجیکٹس پر کام جاری ہے،مظفرآباد میں روڈز کی تعمیر سمیت منصوبوں پر کام تیزی سے ہو رہا ہے،ڈویلپمنٹ کی راہ میں تمام رکاوٹیں دور کر دی جائیں گی، ناٹکو بس سروس عوام کے مفاد میں ہے تو چلائی جائے، وزیر ٹرانسپورٹ طاہر کھوکھر کے ڈرائیور کے اغواء، حملہ میں ملوث ملزمان کو فوری طور پر گرفتار اور وزیر جنگلات کے سٹاف کے ساتھ بدتمیزی کے واقعہ کے بعد کارروائی کی رپورٹ پیش کی جائے، وزیر خزانہ چوہدری لطیف اکبر کی صحت یابی کے بعد ان کے وطن واپسی پر 18 اکتوبر کو آزاد کابینہ ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کرے گی،وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجید کا کابینہ کے اجلاس سے خطاب

منگل 16 اکتوبر 2012 19:36

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔16اکتوبر ۔2012ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں امن و امان کی صورتحال تسلی بخش ہے۔ مالیاتی ڈسپلن قائم کرتے ہوئے تمام ایشوز حل کیے جائیں گے۔ زلزلہ متاثرہ علاقوں میں سٹی ڈویلپمنٹ پراجیکٹس پر کام جاری ہے۔ مظفرآباد میں روڈز کی تعمیر سمیت منصوبوں پر کام تیزی سے ہو رہا ہے۔

ڈویلپمنٹ کی راہ میں تمام رکاوٹیں دور کر دی جائیں گی۔ ناٹکو بس سروس عوام کے مفاد میں ہے تو چلائی جائے۔ وزیر ٹرانسپورٹ طاہر کھوکھر کے ڈرائیور کے اغواء، حملہ میں ملوث ملزمان کو فوری طور پر گرفتار اور وزیر جنگلات کے سٹاف کے ساتھ بدتمیزی کے واقعہ کے بعد کارروائی کی رپورٹ پیش کی جائے۔ وزیر خزانہ چوہدری لطیف اکبر کی صحت یابی کے بعد ان کے وطن واپسی پر 18 اکتوبر کو آزاد کابینہ ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کرے گی۔

(جاری ہے)

وہ منگل کو وزیر اعظم سیکرٹریٹ میں وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور مہاجرین مقیم پاکستان سمیت آزاد کشمیر میں بلا تخصیص ترقیاتی کام جاری ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پولیس کو مذید مستعد ہونا پڑے گا۔

انہوں نے انسپکٹر جنرل پولیس کو وزیر ٹرانسپورٹ طاہر کھوکھر کے ڈرائیور پر حملے کے ملزمان کو 24 گھنٹے میں گرفتار کر کے رپورٹ پیش کرنے کے ساتھ ساتھ وزیر جنگلات کے سٹاف کے ساتھ پولیس کی بدتمیزی کے واقعہ پر کی گئی کارروائی کی بھی رپورٹ طلب کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ میرپور ڈویژن میں پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاریوں میں اچھی کارکردگی دکھائی ہے جس پر پولیس کو شاباش ملنی چاہیے۔

وزیر اعظم نے ناٹکو بس سروس کے حوالے سے کہاکہ متعلقہ کمیٹی دوبارہ ٹرانسپورٹروں سے بات کرے۔ گلگت بلتستان ریاست جموں و کشمیر کا حصہ ہے۔ وہاں صرف انتظامی مقاصد کیلئے الگ سیٹ اپ قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بس سروس کی بندش کے حوالے سے وہاں کوئی منفی پیغام نہیں جانا چاہیے۔ گلگت بلتستان کے عوام ہمارے بھائی ہیں۔ چند عناصر اس معاملے کو سیاست کا رنگ دینا چاہتے ہیں۔

ناٹکو بس سروس اگر سستی اور قابل عمل ہے تو اس کو چلائیں۔ امن و امان کے حوالے سے وزیر اعظم نے کہا کہ پولیس کی جائز ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے آئی۔جی پولیس سے کہاکہ جو لوگ رولز سے ماورا عدالت جاتے ہیں ان کو نوکری سے فارغ کر دیں۔ وزیر اعظم نے سیکرٹری مالیات کو ہدایت کی کہ آزاد کشمیر میں سخت مالیاتی ڈسپلن قائم کر کے ریاستی وسائل کو بچایا جائے اور انہیں عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جائے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ وزیر خزانہ چوہدری لطیف اکبر کی وطن واپسی پر 18اکتوبر کو آزاد کابینہ ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کرے گی اور بعد ازاں 22 اکتوبر کو جلسہ عام منعقد ہو گا۔ بعد ازاں کابینہ کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کے بارے میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر تعلیم کالجز محمد مطلوب انقلابی نے بتایا کہ کابینہ نے کشمیر انسٹیٹیوٹ آف منجیمنٹ آرڈیننس 2012 کی توثیق دے دی۔

کابینہ کی سب کمیٹی کی اسٹیمپس ایکٹ 1890 میں ترمیم کی بھی منظوری دے دی۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے بار کونسل ایکٹ 1995 میں ترمیم کی بھی منظوری دی جس کے تحت مالی مراعات کے حوالے سے بار کونسل کے ممبران کی تعداد میں کمی کی جائے گی۔ تیزاب پھینکنے کے حوالے سے لاء کریمنل ترمیمی آرڈیننس 2012 کی بھی منظوری دی گئی۔ جس کے تحت اس جرم میں ملوث مجرم کو عمر قید یا 14 سال قید جرمانہ کی سزا تجویز کی گئی ہے۔

نیشنل ایجوکیشن پالیسی 2009 کی آزاد کشمیر میں نفاذ کے بعد پیدا ہونے والے تحفظات کا جائزہ لینے والی کمیٹی کی سفارشات بھی اجلاس میں پیش کی گئیں اور اس پالیسی کو مرحلہ وار نافذ کرنے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس نے کام کی جگہ پر خواتین کو حراساں کیے جانے کے خلاف تحفظ کیلئے بھی ایکٹ کی منظوری دی گئی۔ اجلاس نے محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے مرحوم ملازم محمد منیر مغل کی ان کی بیوہ کی درخواست پر گریڈ بی19- گریڈ بی20- میں ترقیابی کی بھی منظوری دی گئی۔

اجلاس نے دو وزراء اور ایک رکن اسمبلی کے بیرون ملک علاج کروانے کے اخراجات کی ادائیگی کی بھی منظوری دی جس کے تحت اپوزیشن رکن قانون ساز اسمبلی چوہدری طارق فاروق کے 10954 برطانوی پاؤنڈز، وزیر سیاحت و آثار قدیمہ عبدالسلام بٹ کے 533446 روپے اور وزیر مال علی شان سونی 1130000 روپے کے بلات کی ادائیگی کی بھی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس نے ایکس ایجنڈے آئیٹم پر تعلیمی ٹرانسفر پالیسی کی بھی منظوری دے دی۔ میڈیا کو بریفنگ کے موقع پر وزیر اکلاس و آبپاشی راجہ فیصل ممتاز راٹھور بھی موجود تھے۔