اخوت اور فاؤنٹین ہاؤس کے زیر اہتمام خواجہ سراء بہبودپروگرام کے دوسرے سنٹر کا افتتاح، خواجہ سراء معاشرے کا ایک ایسا طبقہ ہے جو دوسروں کی خوشیوں کو دوبالا کرتے ہیں ،بدقسمتی سے انہیں معاشرے سے دھتکار دیا گیا ہے،خواجہ سراؤں کو معاشرے کا حصہ بنانے کیلئے اخوت اور فاؤنٹین ہاؤس مختلف پراجیکٹس پر کام کر رہے ہیں،ڈاکٹر امجد ثاقب کا افتتا حی تقریب سے خطاب

منگل 16 اکتوبر 2012 19:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔16اکتوبر ۔2012ء)اخوت اور فاؤنٹین ہاؤس نے ”خواجہ سراء بہبود،، پروگرام کے دوسرے سنٹر کا افتتاح کر دیا۔ٹاؤن شپ میں قائم کئے جانے والے سنٹر کا افتتاح اخوت کے چیف ایگزیکٹیوڈاکٹر امجد ثاقب نے گزشتہ روز کیا۔علامہ ذوالفقار،فاؤنٹین ہاؤس سے ایم ایس ڈاکٹر عمران مرتضیٰ اورکوآرڈینیٹر روبی دانیال سمیت خواجہ سراؤں کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔

مذکورہ سنٹر میں 100خواجہ سراؤں کی رجسٹریشن کی جائیگی اور ان کے چیک اپ کے ساتھ ساتھ مفت علاج بھی کیا جائیگا۔اس مو قع پر خطاب کرتے ہوئے اخوت کے چیف ایگزیکٹیوڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا ہے کہ خواجہ سراء ہمارے معاشرے کا ایک ایسا طبقہ ہے جو دوسروں کی خوشیوں کو دوبالا کرتے ہیں لیکن بدقسمتی سے انہیں معاشرے سے دھتکار دیا گیا ہے اور ان کو بری نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

خواجہ سراؤں کو معاشرے کا حصہ بنانے کے لیے اخوت اور فاؤنٹین ہاؤس مختلف پراجیکٹس پر کام کر رہے ہیں۔ ۔ڈاکٹر امجد ثاقت نے کہا کہ خواجہ سراؤں کے پاس نہ گھر ہے نہ ملازمت نہ جائیداد ، نہ ان کو کوئی تعلیم دیتا ہے اور نہ ہی ان کی اظہار رائے کی کوئی ویلیو ہے، اس سے بڑی اور کیا محرومی ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشرے کے اس سلوک کی وجہ سے یہ لوگ احساس کمتری اور اکثر خطرناک بیماریوں میں مبتلا ہیں۔

اخوت نے لاہور میں 50سال سے زائد کی عمر کے 100خواجہ سراؤں کی رجسٹریشن کی ہے جن کو ہر ماہ 11سو روپے وظیفہ دیا جاتا ہے اور ان کا مہینے میں ایک بار مکمل میڈیکل چیک اپ کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ غربت ختم کرنے کا راستہ بھیک مانگنا نہیں بلکہ ایثار ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت 100خواجہ سراء ان کے پاس رجسٹرڈ ہیں جن میں مزید 100 خواجہ سراؤں کو شامل کیا جائے گا۔