موجودہ حکومت کی کوششوں اورقبائلی عوام،علماء اور سیاسی قیادت کے بھرپور تعاون سے فاٹا میں پولیو کی شرح پہلے سے کافی حد تک کم ہوگئی، ہم اسے فاٹا سمیت پورے صوبے سے مکمل طورپرختم کرناچاہتے ہیں، فاٹا میں پولیو مہم تیزی سے جاری ہے اور پہلے سے حالات کافی بہتر ہورہے ہیں، گورنرخیبرپختونخوا بیرسٹرمسعودکوثرکاتقریب سے خطاب

منگل 16 اکتوبر 2012 19:44

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔16اکتوبر ۔2012ء) گورنرخیبرپختونخوا بیرسٹرمسعودکوثر نے کہاہے کہ موجودہ حکومت کی کوششوں اورقبائلی عوام،علماء اور سیاسی قیادت کے بھرپور تعاون سے فاٹا میں پولیو کی شرح پہلے سے کافی حد تک کم ہوگئی، لیکن ہم اسے فاٹا سمیت پورے صوبے سے مکمل طورپرختم کرناچاہتے ہیں۔یہ بات انہوں نے منگل کے روزگورنرہاوس پشاور میں آل پاکستان پولیو مہم کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب میں کہی جس میں سیکرٹری سوشل سیکرٹری فاٹا،ڈائریکٹر فاٹا سیکرٹریٹ،عالمی ادارہ صحت اوردوسرے محکموں کے عہدیداران نے شرکت کی۔

گورنر نے اس موقع پر کئی معذور افراد کو ویل چیئر دیئے اور دس دس ہزار روپے کی مالی امداد کی۔اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کے دوران گورنر نے کہاکہ فاٹا میں پولیو مہم تیزی سے جاری ہے اور پہلے سے حالات کافی بہتر ہورہے ہیں انہوں نے کہاکہ حکومت کی کوششوں ، قبائلی عوام کے تعاون اور علماء کی اس مہم میں لوگوں کی راہنمائی کے ذریعے پولیو کی شرح میں کمی واقع ہوئی ہے اور پولیو کیسیز2010 ء میں73 اور 2011 ء میں59 سے کم ہوکراس سال16 تک پہنچ گئی جو کچھ عرصے میں پوری طر ح ختم ہوجائیگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فاٹا میں امن وامان کی صورتحال پہلے سے اب کافی بہترہوچکی ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ علاقے جن تک رسائی مشکل تھی ان میں60 فیصد علاقوں میں اب پولیو مہم جاری ہے اورکچھ عرصے میں باقی ناقابل رسائی علاقے بھی پولیو مہم میں شامل ہوجائیں گے۔