ملالہ کے واقعہ کو شمالی وزیرستان سے جوڑنا درست نہیں ،تمام پہلوؤں پر تفتیش کا عمل جاری ہے، حیدر آباد کے جلسہ کے بعد پیپلز پارٹی کی آئندہ جیت کا تعین ہو چکا ہے ،سیاسی مخالفین کے منہ بھی بند ہو گئے ،وزیر مملکت اطلاعت ونشریات سید صمصام بخاری کی صحافیوں سے بات چیت

بدھ 17 اکتوبر 2012 19:43

صدر گوگیرہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔17اکتوبر۔ 2012ء) وزیر مملکت اطلاعت ونشریات سید صمصام بخاری نے کہا ہے کہ ملالہ ایک نظریے کا نام ہے اور اس کو کبھی ختم نہیں کیا جا سکتا ،قوم کی دعاؤں سے ملالہ جلد تندرست ہو کر اپنے ملک واپس آئے گی ،ملالہ کے واقعہ کو شمالی وزیرستان سے جوڑنا درست نہیں تاہم تمام پہلوؤں پر تفتیش کا عمل جاری ہے اس میں ملوث افراداور ماسٹر مائنڈ کو گرفتار کر کے نشان عبرت بنا ئیں گے تاکہ آئندہ کوئی قوم کی بیٹی اس اذیت سے نہ گزرے ،پاکستان کی دہشتگردی کے خلاف قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ،ہماری خاموشی کو کوئی ہماری کمزوری سمجھنے والے عناصر احمقوں کی جنت میں بستے ہیں ۔

وہ کرمانوالہ میں صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے ۔سید صمصام بخاری نے کہا کے اتحادی جماعتوں سے مل کر ملک دشمن عناصر کی تمام تر سازشوں کو ناکام بنا کر دم لیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کے حیدر آباد کے کامیاب جلسہ کے بعد پیپلز پارٹی کی آئندہ جیت کا تعین ہو چکا ہے اور اس جلسہ کی کامیابی کے بعد ہماری جماعت کے خلاف بلاجواز بیان بازی کرنے والے سیاسی مخالفین کے منہ بھی بند ہو کر رہ گئے ہیں ۔سید صمصام بخاری نے کہا کے شہید بی بی کے ویژن کی تکمیل کے لیے پسماندہ علاقوں کو تعرقی یافتہ علاقوں کے برابر لانے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہیں ۔صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کی قیادت میں ملک کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لانے کے لیے تمام تر ممکنہ وسائل برؤے کار لارہے ہیں ۔