پولیو مہم کے دوران غفلت کا مظاہرہ کرنے پر محکمہ صحت کے عملہ کے خلاف کارروائی ہو گی، بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکاری والدین کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی ،ڈی سی او افتخار علی سہوکا اجلاس سے خطاب

جمعرات 18 اکتوبر 2012 20:19

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔18اکتوبر ۔2012ء) ڈی سی او افتخار علی سہو نے کہا ہے کہ پولیو مہم کے دوران غفلت کا مظاہرہ کرنے پر جہاں محکمہ صحت کے عملہ کے خلاف سخت تادیبی کارروائی ہو گی وہاں اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکاری والدین کے خلاف بھی قانونی چارہ جوئی کی جائے گی ․ انہو ں نے یہ بات پولیو ٹیموں کی تیسرے روز کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے کہی ․ اجلاس میں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز ، پولیٹیکل اسسٹنٹ ، محکمہ صحت و تعلیم کے افسران کے علاوہ سوشل ویلفیئر ، لائیو سٹاک ، ایریا انچارج میڈیکل افسروں و سپروائزری سٹاف نے شرکت کی ․ ڈی سی او نے کہاکہ کیچ اپ ڈے میں ان علاقوں کو زیادہ فوکس کیا جائے جہاں بچوں کو پولیو قطرے پلانے کی شرح کسی وجہ سے کم رہی ہو ․ انہوں نے کہاکہ ایریا انچارج ان علاقوں میں پانچ سال کی عمر کے بچوں کو اپنی نگرانی میں پولیو کے قطرے پلوائیں ․ ڈی سی او نے ہدایت کی کہ سٹی ایریا اور تحصیل ڈیرہ غازیخان و کوٹ چھٹہ کے انکاری بچوں کی لسٹ تیار کر کے انہیں پانچویں روز کیچ اپ ڈے میں کور کیا جائے ․ اجلاس میں پولیو مہم کے دوران ڈیوٹی سے غیر حاضری پر محکمہ صحت کی دو ایل ایچ ویز ماریہ خان اور زاہدہ ملک کو معطل کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ․ ڈی سی او نے کہا کہ تمام ایریا انچارج اپنی یونین کونسلوں میں پولیو مہم کی کارکردگی بارے رپورٹ دیئے گئے پروفارما کے ذریعے انہیں ارسال کریں ․

متعلقہ عنوان :