وزیراعلی سے جمعیت علماء پاکستان کے وفد کی ملاقات،اسلامک سنٹر لیسٹر یوکے کی طرف سے متاثرین سیلاب کی امداد کیلئے ایک کروڑ روپے کا چیک پیش کیا، امدادی رقم سے میا نوالی میں سیلاب زدگان کو گھر بنا کر دیئے جائیں گے،متاثرین سیلاب کی بحالی کے کاموں کو تیز کر دیا گیا ہے،شہباز شریف، ڈینگی جیسی آفت کا حملہ ہو یا سیلاب کی تباہ کاریاں ، شہباز شریف نے مشکل کی ہر گھڑی میں عوام کی بھرپور مدد کی ہے، جے یو پی

جمعہ 19 اکتوبر 2012 20:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔19اکتوبر۔ 2012ء) وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف سے جمعہ کویہاں چیئرمین جمعیت علماء پاکستان پیر اعجاز احمد ہاشمی اور سیکرٹری جنرل قاری زوار بہادر نے ملاقات کی- ایم پی اے علی حیدر نور نیازی، سیکرٹری اطلاعات جے یو پی رشید احمد رضوی اور دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے-جمعیت علماء پاکستان کے سیکرٹری جنرل قاری زوار بہادر نے اسلامک سنٹر لیسٹر یوکے کی جانب سے متاثرین سیلاب کی امداد کیلئے پنجاب حکومت کو ایک کروڑ روپے کا چیک پیش کیا۔

(جاری ہے)

وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلی شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب زدگان کی مدد کرنا ہمارا قومی اور مذہبی فریضہ ہے- پنجاب حکومت متاثرین سیلاب کی ہرممکن مدد کر رہی ہے- متاثرین سیلاب کی بحالی کے کاموں کو تیز کر دیا گیا ہے- اسلامک سنٹر لیسٹر یوکے کی جانب سے ایک کروڑ روپے کی امداد قابل ستائش ہے- انہوں نے کہا کہ اسلامک سنٹر لیسٹر (Leicester) یوکے کی جانب سے فراہم کردہ امدادی رقم سے میا نوالی میں سیلاب زدگان کو گھر بنا کر دیئے جائیں گے- انہوں نے کہا کہ موسم سرما کی آمد پر کمبل، رضائیاں اور خیمے متاثرہ علاقوں میں پہنچانے کا انتظام مکمل کر لیا گیا ہے- اس موقع پر جے یو پی کے وفد نے متاثرین سیلاب کی امداد اور بحالی کیلئے بھرپور اقدامات کرنے پر وزیراعلی کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی جیسی آفت کا حملہ ہو یا سیلاب کی تباہ کاریاں ، شہباز شریف نے مشکل کی ہر گھڑی میں عوام کی بھرپور مدد کی ہے-