بلوچستان ،ماہر امراض چشم ڈاکٹر سعید خان کے اغوا اور ڈاکٹروں کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف سرکاری ہسپتالوں میں ہڑتال دوسرے روز بھی جاری،مریضوں کو سخت پریشانی کا سامنا، بلوچستان ہائی کورٹ نے ڈاکٹر سعید خان کے اغوا کا نوٹس لے لیا، 23اکتوبر کو سیکرٹری داخلہ اورسی سی پی او مکمل رپورٹ کے ساتھ طلب ،ڈاکٹروں کا چیف جسٹس آف پاکستان سے قتل اوراغوا کا نوٹس لینے کا مطالبہ

جمعہ 19 اکتوبر 2012 21:05

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔19اکتوبر۔ 2012ء) پی ایم اے بلوچستان کی جانب سے ماہر امراض چشم ڈاکٹر سعید خان کے اغوا اور ڈاکٹروں کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف سرکاری ہسپتالوں میں ہڑتال جمعہ کو دوسرے روز بھی جاری رہی جس کی وجہ سے مریضوں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ڈاکٹر سعید کے اغوا اور حالیہ دنوں ڈاکٹروں کے خلاف پی ایم اے کی جانب سے سرکاری ہسپتالوں کے او پی ڈیز اورآپریشن تھیٹرز کا بائیکاٹ دوسرے روز بھی جاری رہا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹروں کی ہڑتال کے باعث کوئٹہ اور دیگر اضلاع سے آنے والے مریضوں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ بلوچستان ہائی کورٹ نے ڈاکٹر سعید خان کے اغوا کا نوٹس لیتے ہوئے 23اکتوبر کو سیکرٹری داخلہ اورسی سی پی او کو مکمل رپورٹ کے ساتھ طلب کرلیا ہے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ آئے روز ہمارے ڈاکٹروں کو قتل کیا جارہا ہے روز ڈاکٹرز اغوا ہورہے ہیں حکومت اپنی شاہ خرچیوں میں مصروف ہے انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہمارے پہلے اغوا ہونے والے ڈاکٹروں کی جانب سے اغوا کاروں کو دی جانے والی تاوان کی رقم ادا نہیں کی ہے انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان ڈاکٹروں کے قتل اوراغوا کا نوٹس لئے۔