ملالہ یوسف زئی کی صحت بہتری کی طرف گامزن

ہفتہ 20 اکتوبر 2012 12:19

لندن (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔20اکتوبر 2012ء) دعائیں رنگ لائیں قوم کی بہادر بیٹی ملالہ یوسف زئی کی صحت بہتری کی طرف گامزن ہے۔ معالجوں کا کہنا ہے کہ وہ علاج کے بعد پہلی مرتبہ لکھ کر بات کرنے اور سہارے سے کھڑے ہونے کے قابل ہو گئی ہیں۔ برمنگھم کے کوئین الزبتھ ہسپتال میں قوم کی قابل فخر بیٹی ملالہ کی صحت بہتری کی طرف گامزن ہے۔ میڈیکل ڈائریکٹر ڈیوروسر نے خوشخبری سنائی ہے کہ ملالہ اب پہلے سے بہت بہتر ہیں۔

جمعہ کو جب وہ ملالہ سے ملنے گئے تو وہ پہلی مرتبہ سہارے کے ذریعے کھڑی ہوئیں۔ وہ علاج کے بعد پہلی مرتبہ لکھ کر بات بھی کررہی ہیں ۔ ملالہ یوسف زئی سے پوچھا گیا کہ آپ کی صحت کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا جائے تو انہوں نے ایسا کرنے کی شدید خواہش ظاہر کی ۔ڈاکٹر روسر کے مطابق ملالہ کو لگنے والی گولی جہاں جہاں سے گزری ان زخموں میں انفکیشن کی علامتیں ابھی برقرار ہیں جو تشویش کا باعث ہے اور ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ ملالہ خطرے سے پوری طرح باہر ہیں۔

(جاری ہے)

میڈیکل ڈائریکٹر کے مطابق ملالہ کی سانس کی نالی میں گولی کے زخم کی وجہ سے سوزش ہے۔ سانس کی نالی کو محفوظ رکھنے کیلئے گلے کے ذریعے ٹیوب لگائی گئی ہے ۔ اس ٹیوب کی وجہ سے ملالہ بات نہیں کر پارہیں تاہم جب ٹیوب ہٹائی جائے گی تو بول بھی سکیں گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ اگلے چند دنوں میں ان کی یہ ٹیوب ہٹالی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :