پاکستان کو دہشت گردی، لوڈشیڈنگ اور کرپشن جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے ، فروغ تعلیم و قومی سوچ کے ذریعے ان چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے،حکمران بلٹ پروف گاڑیوں،اپنی عیاشیوں اور محلات کی تعمیر بند کرکے قومی خزانے کو تعلیم، صحت اور عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کریں،وفاقی حکومت میں اعلی عہدوں پر فائز لوگ مال بنانے میں مصروف ہیں ،پنجاب حکومت پاکستان کو قائد اور اقبال کا ملک بنانے کیلئے کوشاں ہے،وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کا کیڈٹ کالج کلر کہار کے سپورٹس ڈے اور تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 20 اکتوبر 2012 20:13

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔20اکتوبر۔ 2012ء) وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو دہشت گردی، لوڈشیڈنگ اور کرپشن جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے اور فروغ تعلیم و قومی سوچ کے ذریعے ان چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے،حکمران بلٹ پروف گاڑیوں،اپنی عیاشیوں اور محلات کی تعمیر بند کرکے قومی خزانے کو تعلیم، صحت اور عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کریں، صرف اسی طرح ملک کی ترقی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے،وفاقی حکومت میں اعلی عہدوں پر فائز لوگ مال بنانے میں مصروف ہیں جبکہ پنجاب حکومت پاکستان کو قائد اور اقبال کا ملک بنانے کیلئے کوشاں ہے۔

(جاری ہے)

وہ ہفتہ کو یہاں کیڈٹ کالج کلر کہار(چکوال) کے سپورٹس ڈے اور تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے،وزیراعلی کے معاون خصوصی برائے ہائیرایجوکیشن سید زعیم قادری، ارکان اسمبلی سردار ممتاز ٹمن، ایاز امیر، ملک تنویر اسلم، ظہور انور، بیگم عفت لیاقت علی، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالمجید ملک، لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم، ملک سلیم اقبال کے علاوہ کیڈٹ کالج کلرکہار کے پرنسپل لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد نذر، کالج کے اساتذہ، والدین اور طلبا کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی،وزیراعلی شہباز شریف نے کہا کہ صوبے کی پسماندہ تحصیلوں میں دانش سکول قائم کئے جا رہے ہیں، جہاں سٹیٹ آف دی آرٹ کلاس رومز، لائبریری، لیبارٹری، کھیل کے میدان، ہاسٹل اور میس کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں اور یہ ملک کے اعلی معیاری تعلیمی اداروں سے بھی بہتر اور انگلینڈ کے ایڈن اور ہیرو (Harrow) سکولو ں کے ہم پلہ ہیں، پنجاب حکومت نے صوبے میں سو فیصد میرٹ کی پالیسی اپنائی ہے اور 35 ہزار ذہین طلبا و طالبات کو اعلی تعلیم کیلئے پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے وظائف فراہم کئے جا رہے ہیں،اسی طرح اس سال ذہین طلباء میں 2 لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کئے جائیں گے- ضلع اٹک کی تحصیل جنڈ میں آئندہ ماہ دانش سکول مکمل ہو جائے گا، صوبے میں خالصتا میرٹ کی بنیاد پر 75 ہزار اساتذہ بھرتی کئے گئے ہیں، محنت، لگن اور گڈگورننس کے ذریعے فروغ تعلیم کیلئے اقدامات اٹھا کر اندھیروں اور پسماندگی سے ملک کو باہر نکالیں گے، پاکستان میں اللہ تعالی نے تمام وسائل مہیا کئے ہیں اور صرف گورننس اور پختہ عزم کی کمی ہے، جاپان اور جرمنی کی مثالیں ہمارے سامنے ہیں جو جنگ عظیم دوم میں تباہ ہو گئے تھے لیکن ان قوموں نے 60 سال میں محنت اور ترقی کرکے اپنے آپ کو مضبوط معیشت بنایا، پاکستان کو مسائل کے چنگل سے نکالنا ہم سب کی ذمہ دار ی ہے اگرچہ بہت وقت گزر چکا ہے، چیلنجز مشکل ضرور ہیں لیکن ان کا مقابلہ کرنا ناممکن نہیں، ہمارے نوجوان وقت کا دھارا تبدیل کریں گے اور تعلیم حاصل کرکے مستقبل کو سنواریں گے،انہو ں نے اس موقع پر کیڈٹ کالج کلر کہار کے ذہین طلبا کو میرٹ کی ،بنیاد پر لیپ ٹاپ دینے اور کالج کو 4 کروڑ روپے امداد دینے کا اعلان کیا، وزیراعلی نے کالج کے سپورٹس مقابلوں میں پوزیشنیں حاصل کرنے والی ٹیموں میں انعامات اور میڈل تقسیم کئے، کیڈٹ کالج کلر کہار کے پرنسپل لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمدنذر نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور کالج کے تعلیمی نتائج پر روشنی ڈالنے کے علاوہ پنجاب حکومت کے فروغ تعلیم کیلئے اقدامات اور صوبے میں گڈ گورننس اور میرٹ کی پالیسی کو سراہا۔