ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کا 7نومبر کو وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے احتجاجی دھرنا دینے کا اعلان،سیاسی ،مذہبی جماعتوں ،وکلاء تنظیموں اور سول سوسائٹی کو بھی شرکت کی دعوت دیدی ،احتجاج کے دوران مر یضوں کو مکمل سہو لتوں کی فراہمی کی یقین دہانی ،ینگ ڈاکٹرز کے جائز مطالبات پر بھر پور حمایت کر ینگے ، شہبازشریف نے محکمہ صحت سمیت تمام شعبوں کا بیڑا غرق کر دیا ہے پنجاب حکومت چوروں ،ڈاکوؤں کو پکڑنے کے بجائے قوم کے مسیحا ڈاکٹرز کو پکڑ کر ان کے خلاف قتل کے جھوٹے مقدمے بنا رہی ہے، ینگ ڈاکٹرز کی زندگی کو اجیرن بنا دیا ہے،ڈپٹی وزیراعظم چودھری پرویز الہٰی کی ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے ہمراہ سٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں مشترکہ پریس کانفرنس،پنجاب حکومت اب تک چالیس مرتبہ مذاکرات کر چکی ہے، کسی وعدے پر کوئی عمل نہیں ہوا ،ہر مذاکرات کے موقع پر مذاکرات کیلئے کوئی نیا نمائند ہ بنا دیا جاتا ہے،پنجاب حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ڈاکٹرز ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں ، ہم ضرور احتجاج کریں گے ،ڈاکٹر ناصر عباس

ہفتہ 20 اکتوبر 2012 20:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔20اکتوبر۔ 2012ء) ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کا 7نومبر کو وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے احتجاجی دھرنا دینے کا اعلان ،سیاسی ،مذہبی جماعتوں ،وکلاء تنظیموں اور سول سوسائٹی کو بھی شرکت کی دعوت دیدی جبکہ ڈپٹی وزیراعظم چودھری پرویز الٰہی نے بھی ینگ ڈاکٹرز کے جائز مطالبات پر بھر پور حمایت کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا ہے کہ شہبازشریف نے محکمہ صحت سمیت تمام شعبوں کا بیڑا غرق کر دیا ہے پنجاب حکومت چوروں ،ڈاکوؤں کو پکڑنے کے بجائے قوم کے مسیحا ڈاکٹرز کو پکڑ کر ان کے خلاف قتل کے جھوٹے مقدمے بنا رہی ہے اور ینگ ڈاکٹرز کی زندگی کو اجیرن بنا دیا ہے ۔

ہفتے کے روز ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے پنجاب کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر ناصر عباس کی قیادت میں ڈپٹی وزیراعظم چودھری پرویز الہٰی سے سٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں اپنے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ ملاقات کی ۔

(جاری ہے)

ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ناصر عباس نے کہاکہ پنجاب حکومت اب تک ہم نے چالیس مرتبہ مذاکرات کر چکی ہے لیکن کسی بھی وعدے پر کوئی عمل نہیں ہوا بلکہ ہر مذاکرات کے موقع پر مذاکرات کیلئے کوئی نیا نمائند ہ بنا دیا جاتا ہے جس سے معاملات آگے کے بجائے پیچھے جا رہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ڈاکٹرز ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں اور جب ہمیں دیوار سے لگانے کی کوشش کی جائے گی تو ہم ضرور احتجاج کریں گے لیکن ایک بات طے ہے کہ احتجاج کے ساتھ ساتھ مریضوں کو بھی مکمل سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ 7نومبر کو وزیراعلیٰ ہاؤس کلب روڈ پر احتجاجی دھرنا دیں گے جس میں تمام سیاسی جماعتوں ، سول سوسائٹی اور دیگر تنظیموں کو بھی شرکت کی دعوت دیتے ہیں ۔

ایک سوال کے جواب میں ان کاکہنا تھاکہ پنجاب میں ڈاکٹر ز کے ساتھ جو سلوک کیا جا رہا ہے اس پر آئندہ کوئی بھی اپنے بچوں کو ڈاکٹر نہیں بنائے گا۔ چودھری پرویز الہٰی نے کہاکہ شہبازشریف اور اس کے تین ایڈوائزروں نے صوبے میں محکمہ صحت کا بیڑا غرق کر دیا ہے اور پی آئی سی سمیت صوبوں کے ہسپتالوں کا جو حشر ہے وہ سب کے سامنے ہے وزیرآباد کارڈیالوجی ہسپتال مکمل ہونے کے قریب تھا لیکن اس کو بھی روک دیا گیاحالانکہ اس سے قریبی شہروں کے دو کروڑ افراد کو فائدہ ہونا تھا۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت چوروں اور ڈاکوؤں کو پکڑنے کے بجائے ڈاکٹرز کے ساتھ مجرموں جیسا سلوک کر رہی ہے جس کی وجہ سے محکمہ صحت تباہ ہو رہا ہے اور ڈاکٹرز ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ شہبازشریف کو کیا معلوم ڈاکٹرز کتنی محنت کے بعد بنتے ہیں پنجاب حکومت کی ہر سکیم ناکام ہوئی ہے اور اب بھی جنگلہ بس سروس ،آشیانہ ہاؤسنگ ،سستی روٹی اور پیلی ٹیکسی سکیم کی طرح ناکام ہو گی ۔انہوں نے کہاکہ ڈاکٹرز اس ملک کا سرمایہ ہیں اور ان کے جائز مطالبات کی بھر پور حمایت کی جائے گی ۔