Live Updates

ہمیں جنرل پاشاکا طعنہ دینے والے شریف برادران کے چہرے قوم کے سا منے بے نقاب ہو چکے ، سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق تمام کارروائی آئندہ انتخابات سے پہلے مکمل ہو جانی چاہیے ،نواز شریف نے 35اور شہباز شریف نے 25لاکھ لئے ،شکست کے خوف میں مبتلا کچھ لوگوں نے ہمیں وزیرستان جانے سے ڈرانے کی کوشش کی ،ہمیں خوف کے بت کو توڑنا ہو گا مظلوم طبقہ تحریک انصاف کے سونامی میں شامل ہو چکا ہے،تحریک انصاف کے لیڈر ایماندار نوجوان ہوں گے، دو نمبر کی پاکستان میں کوئی عزت نہیں کرتا،سچ ایک دن ضرور سامنے آ جاتا ہے،پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا پارٹی کی ممبر سازی مہم میں اعلی کارکردگی دکھانے والے نوجوانوں کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 20 اکتوبر 2012 22:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔20اکتوبر۔ 2012ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ ہمیں جنرل پاشا کی سرپرستی کا طعنہ دینے والے شریف برادران کے اصغر خان کیس میں اپنے چہرے قوم کے سا منے بے نقاب ہو چکے ہیں ،سپریم کورٹ کے اس فیصلے کے مطابق تمام کارروائی آئندہ انتخابات سے پہلے مکمل ہو جانی چاہیے تاکہ عوام یہ فیصلہ کر سکیں کہ ان کے ووٹ کا مستحق کون ہے،نواز شریف نے 35اور شہباز شریف نے 25لاکھ لئے جو آج کے کروڑوں روپے بنتے ہیں،،شکست کے خوف میں مبتلا کچھ لوگوں نے ہمیں وزیرستان جانے سے ڈرانے کی کوشش کی لیکن کارکن جان کی پرواہ کئے بغیر وزیرستان گئے ،ہمیں خوف کے بت کو توڑنا ہو گا آج ہم خوف کے معاشرے کے غلام ہیں،مظلوم طبقہ تحریک انصاف کے سونامی میں شامل ہو چکا ہے،تحریک انصاف کے لیڈر وہ نوجوان ہوں گے جو ایماندار ہوں گے دو نمبر کی پاکستان میں کوئی عزت نہیں کرتا،سچ ایک نہ ایک دن ضرور سامنے آ جاتا ہے۔

(جاری ہے)

وہ ہفتہ کے روز لاہور میں پاکستان تحریک انصاف کی ممبر سازی مہم میں اعلی کارکردگی دکھانے والے نوجوانوں کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف میں وہ لوگ آگے نہیں آئیں گے جن کے باپ دادا سیاست دان تھے یا وہ زمینوں اور پیسوں والے ہیں بلکہ وہ نوجوان لیڈر شپ آئے گی جو ذاتی نہیں بلکہ قومی سوچ رکھتی ہے اور جو میں کے بت کو توڑ چکے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ دو نمبر شخص کی کہیں عزت نہیں ہوتی\'عزت ہمیشہ ایماندار اور سچ بولنے والی کی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم وزیرستان جا رہے تھے تو بہت سے لوگوں نے ہمیں خوفزدہ کرنے کی کوشش کی لیکن اس کے باوجود تحریک انصاف کے لاکھوں کارکن جان کی پرواہ کئے بغیر وزیرستان پہنچے جو اس بات کا ثبوت ہیں کہ ہم خدا کے علاوہ کسی سے نہیں ڈرتے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہم آج خوفزدہ معاشرے کے غلام ہیں ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم خوف کے بت کو توڑ دیں کیونکہ جب تک ہم خوف کے بت کو نہیں توڑیں گے ہم غلام رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کسی جماعت کو کوئٹہ میں جا کر جلسہ کی جرات نہیں ہوئی ہم نے نہ صرف کوئٹہ میں جلسہ کیا بلکہ وزیرستان گئے\'کراچی کا مظلوم طبقہ تحریک انصاف میں شامل ہو چکا ہے وہ کچھ لوگوں کے خوف کی وجہ سے خاموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران ہمیں یہ طعنہ دیتے تھے کہ جنرل پاشا ہماری سرپرستی کر رہا ہے لیکن سپریم کورٹ نے ثابت کر دیا ہے کہ کون کون آئی ایس آئی سے پیسے لیتا رہا اور کس کو آئی ایس آئی نے بتایا آج ایسے تمام لوگوں کے چہرے بے نقاب ہو چکے ہیں۔

۔ عمران خان نے کہا کہ وہ تمام افراد جو 1990کے انتخابات میں پیسے کے ناجائز استعمال میں ملوث تھے ان کو اب قوم کے سامنے جواب دینا پڑے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سپریم کورٹ کے اس تاریخی فیصلے کے بعد ملک میں آئندہ انتخابات کیلئے پچھلے تمام انتخابات میں ہونے والے غیر قانونی اور غیر آئینی اقدامات کھل کر عوام کے سامنے آجائینگے اور تمام وہ سیاست دان ، قائدین اور حکومتی ملازمین جو انتخابات کے سلسلے میں پیسے کے ناجائز لین دین میں ملوث تھے ان کی حقیقت سب پر عیاں ہو جائے گی ۔

عمران خان نے کہا کہ اب یہ ضروری ہو گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے اس فیصلے کے مطابق تمام کارروائی آئندہ انتخابات سے پہلے مکمل ہو جانی چاہیے تاکہ عوام یہ فیصلہ کر سکیں کہ ان کے ووٹ کا مستحق کون ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کے علاوہ الیکشن کمیشن کی بھی یہ زمہ داری ہوتی ہے کہ وہ انتخابات کو مکمل طور پر شفاف بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے اور تمام بے ضابطگیوں اور الیکشن قوانین کی خلاف ورزی کی اچھی طرح چھان بین کریں ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے 35اور شہباز شریف نے 25لاکھ لئے اور نوازشر یف کے35لاکھ آج کے 5کروڑ بنتے ہیں اور تمام سیاستدانوں سے پیسے واپس لیے جانے چاہیے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات