پنجاب حکومت عوامی خدمت کے ریکارڈ قائم کر رہی ہے اور وفاقی حکومت لوٹ مار کے،وفاقی حکمرانوں کی کرپشن کے ریکارڈ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کوبھی مات کر دیں گے، علی بابا چالیس چور وں نے صرف اپنا پیٹ بھرا ،پنجاب یوتھ فیسٹیول صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ کا سبب بنا او رنوجوانوں میں ایک نیا جوش اور ولولہ دیکھنے کو ملا ہے،وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ایکسپو سنٹر میں میڈیا سے گفتگو

اتوار 21 اکتوبر 2012 23:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔21اکتوبر۔ 2012ء) وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ نا اہل وفاقی حکمرانوں نے کرپشن اور لوٹ مار کے نئے ریکارڈ قائم کئے ہیں حکمرانوں کی کرپشن کے ریکارڈ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کوبھی مات کر دیں گے-انہوں نے کہاکہ کرپشن او رلوٹ مار کرنے والوں کا یوم حساب قریب ہے -پنجاب حکومت عوامی خدمت کے ریکارڈ قائم کر رہی ہے اور وفاقی حکومت لوٹ مار کے-ہمارا ماضی اور حال اس بات کا گواہ ہے کہ مسلم لیگ( ن )نے ہمیشہ قانون اور آئین کی بالادستی کا احترام کیاہے جبکہ علی بابا چالیس چور وں نے صرف اپنا پیٹ بھرنے کی خاطر قوم کو فاقو ں پر مجبور کر دیاہے ۔

وہ اتوار کو ایکسپوسنٹر میں پنجاب یوتھ فیسٹیول 2012کے سلسلے میں منعقدہ تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگوکر رہے تھے - اس موقع پر ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی رانا مشہود احمد خان ، ڈی جی سپورٹس بورڈ پنجاب اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے- وزیراعلی نے کہاکہ پنجاب یوتھ فیسٹیول صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ کا سبب بنا ہے او رنوجوانوں میں ایک نیا جوش اور ولولہ دیکھنے کو ملا ہے پنجاب یوتھ فیسٹیول پورے پاکستان کا فیسٹیول ہے -42ہزارسے زائد پاکستانیوں نے بیک وقت قومی ترانہ پڑھ کر نیاگنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ قائم کیا ہے جس پر پوری قوم مبارک باد کی مستحق ہے -یہ عالمی ریکارڈ صرف پنجاب کا نہیں بلکہ پورے پاکستان کا ہے- یوتھ فیسٹیول نوجوانوں کے لئے امید کی کرن بن کر سامنے آیا ہے-یوتھ فیسٹیول کی طرز پر نوجوانو ں کی صلاحیتوں میں نکھار لانے کے لئے اس طرح کے مقابلہ جات کا انعقاد خوش آئند ہے اور پنجاب حکومت جو نہ صرف نوجوانوں کی فلاح و بہبود او رانہیں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کے لئے متعدد انقلابی پروگرامز پر عملدرآمد کر رہی ہے بلکہ50 ہزار بے روز گار گریجوایٹس کو 10ہزار روپے ماہانہ وظیفہ بھی دیا جائے گااور انہیں سرکاری و نجی اداروں میں انٹرن شپ کروائی جائے گی-وزیراعلی نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت اس انقلابی پروگرام کا آغاز 23اکتوبر سے کر رہی ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو پیشہ وارانہ تجربے سے روشناس کرانا ہے تا کہ انہیں عملی زندگی میں اس تجربے کا فائدہ ہو سکے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں وزیراعلی یوتھ فیسٹیول میں شرکت کے لئے ایکسپو سنٹر پہنچے تو رانا مشہود احمد خان نے ان کا استقبال کیا-وزیراعلی نے سب سے پہلے ریمورٹ کنٹرول جہازوں کا شو دیکھا اور نوجوانوں کی صلاحیتو ں کی تعریف کی -وزیراعلی کھانا بنانے کے مقابلوں میں حصہ لینے والی طالبات کے سٹال پر بھی گئے -بعدازاں وزیراعلی نے اپنے جسم کی طاقت سے بھاری گاڑی کو کھینچنے کا ریکارڈ بنانے والے شخص کا مظاہرہ بھی دیکھا اور اس کی طاقت اور مہارت کو داد دی -وزیراعلی نے ایکسپو سنٹر میں یوتھ فیسٹیول کے ضمن میں لگائے گئے مختلف سٹالز اور سیکشنز کا دورہ کیا اور وہاں موجود نوجوانوں سے گفتگو بھی کی-وزیراعلی نے پنجاب جاب فیئر کا دورہ بھی کیااور مختلف سٹالز کامعائنہ کیا-اس موقع پر نوجوانوں کی بڑی تعداد نے وزیراعلی کو اپنے درمیان پا کر انتہائی مسرت کا اظہار کیا اور باآواز بلند” دیکھو دیکھو کون آیا شیرآیا، شیرآیا،،-”شہبازشریف زندہ باد،، کے نعرے لگائے ۔