وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا کا برمنگھم کے کوئن الزبتھ اسپتال کا دورہ، زیرعلاج ملالہ یوسفزئی کی عیادت ، ملالہ کے معذور ہونے کا خدشہ نہیں ، اُسے تمام سہولیات فراہم کی گئی ہیں، جلد صحتیابی کی امیدہے ، میاں افتخار کی میڈیا سے گفتگو، ملالہ کی صحت میں بتدریج بہتری آرہی ہے ،ہسپتال میں چھٹی رات بخیریت گزری، ڈاکٹرز

پیر 22 اکتوبر 2012 23:13

برمنگھم (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔22اکتوبر۔ 2012ء) وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا میاں افتخار حسین نے برمنگھم کے کوئن الزبتھ اسپتال کا پیر کو دورہ کیا جہاں انھوں نے زیرعلاج ملالہ یوسفزئی کی عیادت کی ۔بعد ازں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ ملالہ کی طبیعت تیزی سے بہتر ہو رہی ہے ،ملالہ کے معذور ہونے کا خدشہ نہیں۔انھوں نے کہاکہ ملالہ کو تمام سہولیات فراہم کی گئی ہیں امید ہے جلد ملالہ صحت یاب ہوجائے گی ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب کوئن الزبتھ اسپتال کے ڈاکٹروں کے مطابق ملالہ کی صحت میں بتدریج بہتری آرہی ہے ملالہ کی چلڈرن اسپتال میں چھٹی رات بخیریت گزری۔ ڈاکٹرز ان کی صحت کے حوالے سے خاصے پر امید دکھائی دیتے ہیں۔ملالہ کو کوئن الزبتھ اسپتال میں داخل ہوئے 6روز گزر چکے ہیں۔کوئن الزبتھ اسپتال کے زیر اہتمام ملالہ کے نام سے ایک امدادی فنڈ قائم کردیا گیا ہے۔ملالہ کے لیے آنے والے پھول اور کارڈز برمنگھم کونسل میں جمع کیے جارہے ہیں۔ملالہ کی فیملی پاکستان میں ہے جہاں ان کے انٹرویو کے لیے ٹرسٹ کمیونی کیشن سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔