الیکشن کمیشن عوام کے ووٹوں کے تقدس کی بحالی کیلئے نواز شریف کو فوری طور پر نااہل قرار دے،نواز شریف نے کرسی اور اقتدار کیلئے 18 کروڑ عوام کے مینڈیٹ کی چوری کی ، شریف برادران کو سندھ کی جیل میں منتقل کیا گیا تو انہیں بی کلاس فراہم کرینگے جہاں پر ڈینگی سے بچاؤ کا سپرے کیا جائیگا،وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 24 اکتوبر 2012 14:23

کراچی(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین، آئی این پی ۔24اکتوبر 2012ء) سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے مطالبہ کیا ہے کہ الیکشن کمیشن عوام کے ووٹوں کے تقدس کی بحالی کیلئے نواز شریف کو فوری نااہل قرار دے ،نواز شریف نے کرسی اور اقتدار کیلئے 18 کروڑ عوام کے مینڈیٹ کی چوری کی ، شریف برادران کو سندھ کی جیل میں منتقل کیا گیا تو انہیں بی کلاس فراہم کرینگے جہاں پر ڈینگی سے بچاؤ کا سپرے کیا جائیگا۔

وہ بدھ کو یہاں میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اصغر خان کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں اگر شریف برادران کو سزا ہوئی اور وہ سند ھ کی جیل میں آئے تو انہیں بی کلاس فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران کی بیرک میں ڈینگی سے بچاؤ کا سپرے بھی کیا جائے گا ۔ شرجیل میمن نے کہاکہ نواز شریف نے کرسی اور اقتدار کی لالچ میں ملک کے 18 کروڑ عوام کے مینڈیٹ کی توہین کی ہے اور جعل سازی کے ذریعے پیسے بٹور کر اقتدار حاصل کیا۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے اپیل کی کہ وہ عوام کے ووٹوں کے تقدس کی بحالی کیلئے نواز شریف کو فوری طور پر نااہل قرار دے۔