میرپور آزادکشمیر کا واحد ضلع ہے جسے ہر دور حکومت میں دونوں ہاتھوں سے لوٹا گیا‘ سب سے زیادہ ریونیو اور قربانیاں دینے والوں سے سوتیلی ماں جیسا سلوک ظلم وناانصافی ہے‘میرپور بچاؤ تحریک کے آغاز سے شہریوں میں بیداری کی لہر نے کرپٹ اور لینڈ مافیا کی نیندیں حرام کر دی ہیں‘ آج بھی ایسے متاثرین منگلا ڈیم موجودہیں جنہیں سرکاری طور پر پلاٹ نہیں دئیے گئے ،جموں وکشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر ڈاکٹر محمد اکرم چوہدری اور صدر ینگ لائرزمسلم لیگ ن ضلع میرپور شجاع حیدر لودھی ایڈووکیٹ کی صحافیوں سے بات چیت

بدھ 24 اکتوبر 2012 16:16

میرپور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین، آئی این پی ۔24اکتوبر 2012ء) جموں وکشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر ڈاکٹر محمد اکرم چوہدری اور صدر ینگ لائرزمسلم لیگ ن ضلع میرپور شجاع حیدر لودھی ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ میرپور آزادکشمیر کا واحد ضلع ہے جسے گزشتہ حکومتوں نے ہر دور میں دونوں ہاتھوں سے لوٹا‘ سب سے زیادہ ریونیو اور قربانیاں دینے والوں کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک ظلم وناانصافی کی انتہا ہے‘میرپور بچاؤ تحریک کے آغاز سے شہریوں میں بیداری کی لہر نے کرپٹ اور لینڈ مافیا کی نیندیں حرام کر دی ہیں۔

آج بھی ایسے متاثرین منگلا ڈیم موجود ہیں جنہیں سرکاری طور پر پلاٹ نہیں دئیے گئے لیکن غیر مستحق افراد کو کراچی سے پشاوراور بھمبرسے نیلم تک سیاسی رشوت کے طور پر نوازا گیا۔

(جاری ہے)

بدھ کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر دور میں MDAاور بلدیہ نے پلاٹ الاٹ کیے۔پھر کینسل کیے رشوت کمانے کیلئے دوبارہ ریوائزنگ کمیٹیاں قائم کر کے مقامی افراد کی جیبوں پر ڈاکے ڈالے گئے اور یہ شیطانی عمل اب تک جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور دیگر اضلاع سے آ کر یہاں پلاٹ الاٹ کروانے والوں نے میرپور کے لوگوں کو مہنگے داموں فروخت کیے، اور اب انکوائریاں متاثرین ڈیم بھگت رہے ہیں، میرپور میں نظر آنے والی تعمیر و ترقی میں کی حکومت کا کوئی کردار نہیں۔ تارکین وطن نے اپنے خون پسینے کی کی کمائی سے یہاں سرمایہ کاری کی ۔ اس وقت بھی رئیل اسٹیٹ کے کاروبار میں تارکین وطن کے 20ارب روپے سے زائد رقوم منجمند کر دی گئی ہیں۔ اگر ا صلاح احوال نہ کی گئی تو راست اقدام اٹھانے پر مجبور ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :