کوئٹہ، ڈاکٹرسعید کی عدم بازیابی کے خلاف صوبہ بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کی8ویں روز ہڑتال جاری ، سرکاری ہسپتالوں میں کام ٹھپ ، ایمر جنسی سروسز بدستوربحا ل ، پرائیوٹ ہسپتالوں اور کلینکس والوں کو مریضوں کو سنبھالنا مشکل

بدھ 24 اکتوبر 2012 22:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔24اکتوبر۔ 2012ء) ماہر امراض چشم ڈاکٹرسعید احمدخان کی عدم بازیابی کے خلاف کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کی8ویں روزبھی ہڑتال جاری رہی جس کے باعث کوئٹہ سمیت صوبہ بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں کام ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے البتہ ایمر جنسی سروسز گزشتہ ایک ہفتے سے بدستوربحا ل ہیں سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کی ہڑتال سے پرائیوٹ ہسپتالوں اور کلینکس والوں کو مریضوں کو سنبھالنا مشکل ہو گیا ہے کیونکہ مریضوں نے ان کا رخ کر لیا ہے اس وقت سب سے زیادہغریب مریضوں او ر ان کے رشتہ داروں کو مشکلات کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے کیو نکہ ان کے پاس پرائیوٹ ہسپتالوں اور کلینکس میں علاج کے لئے درکار رقم نہیں گزشتہ ایک ہفتہ سے سرکاری ہسپتالوں میں ہڑتال کے باعث سول ہسپتال اور بولان میڈیکل ہسپتال سمیت دیگر میں وارڈز سنسان ہو چکے ہیں جبکہ کچھ ایسی ہی صورتحال کا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز میں بھی غریب مریضوں کو سامنا کر نا پڑ رہا ہے مذکورہ ہسپتالوں میں افغانستان اور اندرون صوبہ سے آنے والے مریض 8دنوں سے مسیحا ؤ ں کے منتظر ہے ان کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت کو ان کا کوئی احساس نہیں اگر ایسا نہ ہو تا تو ان کو علاج کی سہولیات فراہم کر نے کے لئے ضرورا قدامات اٹھائے جا تے اس جانب اس لئے توجہ نہیں دیا جا رہا کہ ہڑتال کے باعث صرف غریب متاثر ہو رہے ہیں جن کا کوئی پر سان حال نہیں ،ا س کے علاوہ سبی میں بھی ماہر امراض چشم ڈاکٹر سعید احمد خان کی عدم بازیابی کے خلاف پی ایم اے ، بی این پی(عوامی) نرسنگ اسٹاف ایسوسی ایشن اور ایل آر بی ٹی سبی کے زیر اہتمام سول ہسپتال سبی میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔

(جاری ہے)

جس کی قیادت پی ایم اے سبی کے صدد ڈاکٹر ذیشان بشیر نے کی ،مظاہرے کے شرکاء نے بازوٴں پر سیاہ پٹیاں باندہ رکھی تھیں ان سے ڈاکٹرذیشان بشیر، ڈاکٹر خالد پرویز، ڈاکٹر محمد علی بلوچ، شبانہ کوثر، محمد جان، خدابخش، ایم ڈی مری ، نواز دانش و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر سعید احمد خان کا اغواء ہمارے لئے المیہ سے کم نہیں ڈاکٹر مسیحا کا کردار ادا کرتے ہیں مگر حکومتی نااہلی کے باعث تاحال ڈاکٹر سعید احمد بازیاب نہیں ہوسکا ہے جس کی مذمت کرتے ہیں ۔

سبی سمیت بلوچستان بھر میں ڈاکٹرز نامناسب حالات میں عوام کی خدمت کررہے ہیں لیکن ہمیں کوئی تحفظ فراہم نہیں کیا جاتا ،اسی لئے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کی مرکزی و صوبائی قیادت کی کال پر سبی میں بھی ہرتال کی جارہی ہیں ۔ مقررین نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈاکٹر سعید احمد کو فوری طور پر بازیاب کیا جائے ۔ بصورت دیگر ہسپتالوں میں مکمل ہرتال کرنے کے علاوہ ہسپتالوں کی تالابندی کا بھی اعلان کریں گے ۔ بی این پی (عوامی) ، نرسنگ اسٹاف ایسوسی ایشن نے بھی اپنے مکمل تعاون کی یقین دھانی کرنے کا اعلان کیا۔