امیرجماعةالدعوة پاکستان کی امریکی حکومت کو سمندری طوفان سے متاثرہ افراد کی مدد کیلئے ہر ممکن تعاون کی پیشکش ، امریکی حکومت اجازت دے جماعة الدعوة انسانی ہمدردی کی بنیادپراپنے رضاکار، ڈاکٹرز، خوراک، ادویات اور دیگر امدادی سامان بھجوانے کو تیار ہے،امریکہ چاہے ہمارے متعلق کیسے ہی جذبات کیوں نہ رکھے اور ہمارے سروں کی قیمتیں مقرر کرے کی جائیں ہم نبی اکرم کی سیرت پر عمل کرتے ہوئے مصائب وآفات میں پھنسے امریکیوں کی مدد کرنا اسلامی فریضہ سمجھتے ہیں،امیرجماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید کا بیان

منگل 30 اکتوبر 2012 22:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔30اکتوبر ۔2012ء) امیرجماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے امریکی حکومت کو سمندری طوفان سے متاثرہ افراد کی مدد کیلئے امریکہ کو ہر ممکن تعاون کی پیش کش کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی حکومت ہمیں اجازت دے جماعة الدعوة انسانی ہمدردی کی بنیادپراپنے رضاکار، ڈاکٹرز، خوراک، ادویات اور دیگر امدادی سامان بھجوانے کو تیار ہے۔

امریکہ چاہے ہمارے متعلق کیسے ہی جذبات کیوں نہ رکھتا ہو اور ہمارے سرں کی قیمتیں مقرر کی جائیں ہم نبی اکرم کی سیرت پر عمل کرتے ہوئے مصائب وآفات میں پھنسے امریکیوں کی مدد کرنا اسلامی فریضہ سمجھتے ہیں۔منگل کو اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ امریکہ میں اس وقت شدید طوفان کی صورتحال ہے۔ کروڑوں افراد اس سے متاثر ہوئے ہیں اور نقصانات مزید بڑھنے کا اندیشہ ہے۔

(جاری ہے)

ہم سمجھتے ہیں کہ یہ انسانی مسئلہ ہے ۔ دنیا میں کسی بھی جگہ جب بھی کہیں کسی کو کوئی مسئلہ درپیش ہو چاہے وہ مسلم ہو یا غیر مسلم اسلام ہمیں ان کی مدد کا حکم دیتا ہے۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ نبی مکرم کے زمانے میں مکہ والے مسلمانوں پر بار بار حملے کرتے تھے لیکن جب وہاں قحط کی صورتحال پیدا ہوئی تو رسول معظم نے مسلمانوں کو انسانی ہمدردی کی بنیا دپر وہاں غلہ پہنچانے کا حکم دیا۔

ہم نے بھی اسوہ حسنہ کو مدنظر رکھتے ہوئے امریکہ کو مدد و تعاون کی پیش کش کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس سے قبل سری لنکا،انڈونیشیاو دیگر ملکوں میں سونامی و دیگر آفات کے موقع پر جماعةالدعوة نے دکھی انسانیت کی مدد کی، حتی کہ جب انڈیا میں زلزلہ آیا تو ہم نے انہیں بھی امداد کی پیش کش کی۔اسی طرح سندھ میں بھی ہم سیلاب متاثرہ ہندوؤں کی مدد کرتے رہے ہیں اور کر رہے ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ اسلامی اخلاق کا حصہ ہیں جس پر عمل کرنا ہر مسلمان اپنا فرض سمجھتا ہے۔