اصغر خان کیس کی تحقیقات کیلئے ایف آئی اے میں نواز شریف کی مرضی کا افسر لگا سکتے ہیں، اگلی حکومت بھی پیپلز پارٹی کی ہوگی، ملالہ کے والد نے برطانوی شہریت کیلئے کوئی درخواست نہیں دی ، ملالہ بہادری کی علامت ہے، ان کی طبعیت پہلے سے بہت بہتر ہے وہ جلد وطن واپس پہنچ رہی ہیں،وزیر داخلہ رحمن ملک کی لندن میں میڈیا سے گفتگو

منگل 30 اکتوبر 2012 22:08

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔30اکتوبر ۔2012ء) وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ ملالہ کے والد نے برطانوی شہریت کے لئے کوئی درخواست نہیں دی ، ملالہ یوسف زئی بہادری کی علامت ہے، ان کی طبعیت پہلے سے بہت بہتر ہے وہ جلد وطن واپس پہنچ رہی ہیں، شمالی وزیرستان آپریشن کو ملالہ کے ساتھ مربوط کرنا افواہ ہے۔ اصغر خان کیس کی تحقیقات کیلئے ایف آئی اے میں نواز شریف کی مرضی کا افسر لگا سکتے ہیں۔

لندن میں پاکستانی میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے رحمان ملک نے کہا کہ انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے اور عوام کی خدمت اوربہتر حکمت عملی کے پیش نظر اگلی حکومت بھی پیپلز پارٹی کی ہوگی۔ ایف آئی اے سے تفتیش کے معاملے میں شہباز شریف اور چوہدری نثار کے بیانات مختلف تھے۔ مسلم لیگ (ن)میں اس مسئلے پر جوتیوں میں دال بٹتی رہی ہے جبکہ نواز شریف کی حکمت عملی نے حالات کو سنبھال لیا۔

(جاری ہے)

رحمان ملک کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ سے اصغر خان کیس کا فیصلہ آنے کے بعد تحقیقات کا عمل شروع ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے ایف آئی اے پر اعتماد کیا، ان کی مرضی کا آفیسر تحقیقات کے لئے لگا سکتے ہیں تا کہ اصل نتائج سامنے آئیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ملالہ کے والد نے برطانوی شہریت کے لئے کوئی درخواست نہیں دی ۔ ملالہ یوسف زئی کی طبعیت پہلے سے بہت بہتر ہے وہ جلد وطن واپس پہنچ رہی ہیں ۔