نوجوان نسل کو علاقائی وبین الاقوامی چیلنجزسے نمٹنے کے لئے تعلیم کے ساتھ جسمانی صحت پربھی توجہ دینی چاہئے،جی ایس او ون ایف جی ای آئی لیفٹیننٹ کرنل مبارک احمدکا31ویں انٹرسکولز سپورٹس ٹورنامنٹ کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب

بدھ 31 اکتوبر 2012 14:26

راولپنڈی (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین، آئی این پی ۔31اکتوبر 2012ء) جی ایس او ون فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنزکینٹ گیریژن راولپنڈی ریجن لیفٹیننٹ کرنل مبارک احمد نے کہاہے کہ ایک صحت مندطالبعلم ہی مستقبل میں ملک کامفیدشہری بن سکتاہے۔نصابی تعلیم کے ساتھ ذہنی آسودگی کے لئے کھیل بھی نہایت ضروری ہے کیونکہ کھیل انسان کو چاق وچوبندبناتاہے ۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے 31ویں انٹرسکولز سپورٹس ٹورنامنٹ کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ نوجوان نسل کو ملک کو درپیش موجودہ حالات سے نمٹنے کے لئے تعلیم کے ساتھ ساتھ جسمانی صحت پربھی توجہ دینی چاہئے تاہم طلباء کھیل اور تعلیم میں توازن رکھیں کیونکہ کھیل میں بے جاوقت ضائع کرنا سودمندنہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ طلباء کواپنے ذوق کے مطابق کھیلوں میں شمولیت اختیارکرنی چاہئے۔

مبارک احمد کاکہناتھاکہ کھیل ذہنی استعدادکے علاوہ جسمانی بڑھوتری ،اتحاد،ایمان اور تنظیم پیداکیلئے بھی یکساں ضروری ہیں۔ انہوں نے فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنزکینٹ گیریژن کے اساتذہ کو ہدایت کی کہ وہ طلباء وطالبات میں کوالٹی ایجوکیشن کے ساتھ جسمانی صحت اور صحت مندمقابلے کے رجحان کے لئے کھیلوں کوبھی ترجیح دیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک خوش آئندامر ہے کہ ایف جی ای آئی کے طلباء جونیئراور سینئرلیول پرملک کی نمائندگی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بد قسمتی سے پاکستانی نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ کی موجودگی کے با وجود کھیلوں کی حالت قابل رشک نہیں ہے۔ اِسی طرح ہماری قوم دیگر شعبوں میں بھی عالمی ا قوام سے پیچھے نظر آتی ہے۔ اِس کی بنیادی وجہ مسلمہ اُصولوں اور میرٹ کی پابندی نہ کرناہے۔انہوں نے کہاکہ مجھے ان بچوں کے چمکتے دمکتے چہرے یہ واضح پیغام دے رہے ہیں کہ یہ بچے کل ہمارے ملک و قوم کاایک قیمتی اثاثہ بنیں گے۔

لیفٹیننٹ کرنل مبارک احمدنے سپورٹس سیکرٹری محمدافضل طاہر،شمیم ستی ،خالدکیانی ،زرینہ نعیم رانا،ملک محمداسلم اعوان،محمدافضل طاہراوردیگر سربراہان مدارس کو منظم اندازمیں ٹورنامنٹ منعقد کرانے پرمبارکبادپیش کی۔ٹورنامنٹ میں ایف جی ای آئی(سی /جی)ڈائریکٹوریٹ راولپنڈی کے طلباء نے شمولیت اختیارکی۔ 31ویں سالانہ انٹرسکولزسپورٹس ٹورنامنٹ بوائزمیں نصابی وہم نصابی سرگرمیوں میں ایف جی بوائزسیکنڈری سکول آدم جی روڈرراولپنڈی بہترین سکول قرارپایا، بہترین کھیلوں کامظاہرہ کرنے پرسپورٹس ٹرافی ایف جی بوئزسیکنڈری سکول آدم جی روڈکے حصہ میں آئی۔

سال 2012کاراولپنڈی ریجن کابہترین کھلاڑی ایف جی ٹیکنیکل ہائی سکول طارق آبادراولپنڈی کے کاوش سلیم رہے۔ہاکی میں ایف جی پبلک سکول محفوظ روڈپہلی جبکہ ایف جی پبلک سکول ایبٹ آبادنے رنراپ رہا ،باسکٹ بال میں ایف جی ٹیکنیکل ہائی سکول طارق آباد نے پہلی جبکہ ایف جی بوائزسیکنڈری سکول آدم جی روڈ رنراپ رہا،فٹ بال میں ایف جی بوائزہائی سکول نمبر1چکلالہ پہلی جبکہ ایف جی ٹیکنیکل ہائی سکول رنراپ ،کرکٹ میں ایف جی سرسیدسیکنڈری سکول پہلے جبکہ ایف جی ٹیکنیکل ہائی سکول طارق آباد رنراپ رہا۔

والی بال میں ایف جی بوائزہائی سکول مریڑحسن پہلے جبکہ ایف جی بوائز ہائی سکول چکلالہ نمبر2رنراپ رہا،بیڈمنٹن میں ایف جی بوائزسیکنڈری سکول آدم جی روڈپہلے جبکہ ایف جی بوائزسیکنڈری سکول پشاورروڈرنراپ رہا۔ بینڈاورپی ٹی شو میں ایف جی قائداعظم پبلک سکول چکلالہ اول جبکہ ایف جی سرسیدسیکنڈری سکول راولپنڈی رنراپ رہا۔ آخرمیں مہمان خصوصی نے کامیاب ہونے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔اس موقع پر قائداعظم پبلک سکول سکیم تھری کے بینڈنے فن کامظاہرہ کیاجسے حاضرین نے بہت سراہا۔

متعلقہ عنوان :