حکومت عوام کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے، ملک میں گردے اور جگر کی بیماریوں کے علاج کی جدید سہولیات کی فراہمی کیلئے عالمی معیار کے طبی مراکز قائم کئے جائیں گے، سندھ میڈیکل یونیورسٹی کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے، طبی تعلیم کو عام کرنا حکومت کا ویژن ہے ،صدر آصف علی زرداری کااجلاس سے خطاب

جمعرات 1 نومبر 2012 20:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1نومبر۔2012ء) صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے، ملک کے چاروں صوبوں گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں گردے اور جگر کی بیماریوں کے علاج کی جدید سہولیات کی فراہمی کیلئے عالمی معیار کے طبی مراکز قائم کئے جائیں گے، اس حوالے سے فوری اقدامات شروع کردیئے جائیں، سندھ میڈیکل یونیورسٹی کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے، طبی تعلیم کو عام کرنا حکومت کا ویژن ہے۔

وہ جمعرات کو یہاں وزیراعلیٰ ہاؤس میں پاکستان لیور اینڈ کڈنی انسٹی ٹیوٹ آف اسلام آباد کے قیام اور جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے حوالے سے منعقدہ علیحدہ علیحدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ پاکستان لیور اینڈ کڈنی انسٹی ٹیوٹ آف اسلام آباد کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں صدر مملکت کو وفاقی وزیر کیپٹل ایڈمنسٹریشن ڈویژن نذر محمد گوندل نے مذکورہ انسٹی ٹیوٹ کے قیام کے حوالے سے بریفنگ دی اور بتایا کہ یہ انسٹی ٹیوٹ 40 ایکڑ رقبے پر تعمیر کیا جائے گا اور اس کی لاگت پر 200 ملین روپے خرچ ہونگے۔

(جاری ہے)

انھوں نے بتایا کہ ان انسٹی ٹیوٹ میں جگر اور گردے کی بیماریوں کی تشخیص، علاج اور پیوند کاری کی جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ صدر نے کہا کہ عوام کو معیاری اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام سرکاری اسپتالوں میں جدید سہولیات فراہم کی جائیں۔ انھوں نے کہا کہ گردے اور جگر کی بیماریوں کا علاج بہت مہنگا ہے، اس انسٹی ٹیوٹ کے قیام سے عوام کو بہترین سہولیات میسر آئیں گی۔

انھوں نے ہدایت کی کہ مذکورہ منصوبے کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، وفاقی وزیر نذر محمد گوندل ، صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن اور دیگر بھی موجود تھے۔ علاوہ ازیں جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں وائس چانسلر پروفیسر طارق رفیع نے صدر آصف علی زرداری کو یونیورسٹی کے قیام اور اس میں موجود سہولیات کے حوالے سے بریفنگ دی۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ معیاری اور جدید طبی تعلیم کی فراہمی سے اچھے ڈاکٹرز پیدا کئے جاسکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ڈاکٹرز کو مختلف شعبوں میں اسپیشلائزیشن کرانے کیلئے بھی مزید جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ صدر نے سندھ حکومت کو ہدایت کی کہ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے اور اس سے ملحقہ ٹیچنگ اسپتالوں کے مسائل حل کئے جائیں۔ انھوں نے ہدایت کی کہ مذکورہ یونیورسٹی کے آرڈیننس کو سندھ اسمبلی سے منظور کرایا جائے اور داخلے کے نظام کو کمپیوٹرائزڈٹیکنالوجی سے منسلک کیا جائے۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانی ڈاکٹر فاروق ستار اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔