ملالہ یوسفزئی کی حالت بہتر ہے ،گزشتہ دور اتیں پر سکون گذاریں،ماہر معالجوں کی نگرانی میں علاج جاری ہے ، ملالہ کی حمایت میں 6 ہزار 500 پیغامات آ چکے ہیں، ہسپتال کی انتظامیہ ملالہ کے لیے کارڈز اور تحائف وصول کرنے سے قاصر ہے ،یہ چیزیں برمنگھم میں پاکستانی قونصل خانے بھیجی جا سکتی ہیں، کوئین الزبتھ ہسپتال کی انتظامیہ کی جانب سے ملالہ کی صحت کی تازہ ترین صورتحال بارے اعلامیہ

پیر 5 نومبر 2012 21:03

برمنگھم (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔5نومبر۔2012ء) برطانیہ کے شہر برمنگھم کے کوئین الزبتھ ہسپتال کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ مینگورہ میں دہشت گردوں کے حملے میں زخمی ہونے والی ملالہ یوسف زئی کی حالت اب بہتر ہے۔کوئین الزبتھ ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے پیر کو جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق ہفتہ اور اتوار کو ہسپتال میں ملالہ کی طبیعت پرسکون رہی۔

اعلامیے کے مطابق ملالہ اب تین ہفتوں سے ہسپتال میں کوئین الزبتھ اور برمنگھم چلڈرن ہسپتال کے ماہر معالجوں کی نگرانی میں زیر علاج ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ہسپتال کی ویب سائٹ پر ملالہ کے لیے پیغامات کا جو صفحہ بنایا گیا ہے اس پر ملالہ کی حمایت میں چھ ہزار پانچ سو کے قریب پیغامات آ چکے ہیں۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ہسپتال کی انتظامیہ ملالہ کے لیے کارڈز اور تحائف وصول کرنے سے قاصر ہے لیکن یہ چیزیں برمنگھم میں پاکستانی قونصل خانے بھیجی جا سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

ملالہ یوسفزئی پر حملے کے خلاف پاکستان اور بیرون ملک غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔کوئین الزبتھ ہسپتال برمنگھم کے خیراتی ادارے نے ہسپتال کے مرکزی فنڈ سے جڑا ایک اکاوٴنٹ بھی قائم کیا ہے جس میں ملالہ کے علاج میں حصہ بٹانے کے خواہشمند افراد رقم بھیج سکتے ہیں۔ دریں اثناء گزشتہ ماہ نو اکتوبر کو پاکستان کی وادی سوات میں طالبان کے حملے میں ملالہ کے ساتھ زخمی ہونے والی دوسری طالبہ کائنات ریاض نے صحت یابی کے بعد دوبارہ سکول جانا شروع کر دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :