مائیگرنٹ پنڈت ڈاکٹروں ،طبی عملے اور محکمہ صحت کے منسٹریل اسٹاف کی واپسی کا فیصلہ۔ حکومت کی طرف سے نوٹیفکیشن کالعدم

جمعہ 9 نومبر 2012 13:49

نئی دہلی(اُردوپوائنٹ تازہ ترین۔ آئی این پی، 11 نومبر 2012)حکومت جموں وکشمیر نے ستمبر کے مہینے میں جاری کی گئی اس نوٹیفکیشن کو واپس لے لیا ہے جس میں مائیگرنٹ پنڈت ڈاکٹروں ،طبی عملے اور محکمہ صحت کے منسٹریل اسٹاف ،جوکہ ریاست سے باہر رہ رہے ہیں ،کو جموں رپورٹ کرنے کیلئے کہا گیا تھا۔ستمبر2011میں جاری اس نوٹیفکیشن کو محکمہ صحت میں کام کررہے مائیگرنٹ پنڈت طبقے کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا جو اس کو کالعدم قرار دینے کی مانگ کررہے تھے ۔

ان مائیگرنٹ پنڈت انجمنوں کا کہنا تھا کہ اس آرڈر کے ذریعے پنڈت ملازمین کو واپس کشمیر میں اپنی خدمات انجام دینے کیلئے دباؤ ڈالا جارہا ہے ۔کشمیری مائیگرنٹ پنڈتوں کے لئے کام کررہی انجمن ایس کے فاؤنڈیشن کے نمائندوں کے ساتھ وزیراعلی عمر عبداﷲ کی میٹنگ کے بعد یہ فیصلہ لیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

دلی میں قائم اس تنظیم کے صدر سنیل شکھدر نے جموں میں وزیراعلی کے ساتھ میٹنگ کی جہاں وزیراعلی نے ان کی یہ ڈیمانڈ تسلیم کی ۔

فاؤنڈیشن ذرائع نے بتایا کہ وزیراعلی نے ان کے مطالبے کو فوری طور تسلیم کرتے ہوئے سابقہ نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دینے کیلئے ہدایات صادر کیں اور اس نوٹیفکیشن پر تفصیلی جائزہ لینے کیلئے کہا ۔انہوں نے کہاکہ نوٹیفکیشن کو 30اپریل تک التوا میں رکھا گیا ہے اور فاؤنڈیشن کے ساتھ اس معاملے پر تبادلہ خیال کرنے کے بعد تازہ ہدایات جاری کی جائیں گی