آنے والے انتخابات میں پیپلز پارٹی کی شکست اور (ن) لیگ کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے ملک بالخصوص سندھ کے وڈیروں ‘ پیروں اور سرداروں کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں ‘ وہ ہر پارٹی میں شامل ہونے کے لئے دوڑیں لگا رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سابق وزیر اعلیٰ سندھ ممتاز علی بھٹو کی میر پور بھٹو میں مختلف وفود سے بات چیت

جمعہ 9 نومبر 2012 17:51

نوڈیرو(اُردوپوائنٹ تازہ ترین۔ آئی این پی، 11 نومبر 2012) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سابق وزیر اعلیٰ سندھ ممتاز علی بھٹو نے کہا ہے کہ آنے والے انتخابات میں پیپلز پارٹی کی شکست اور (ن) لیگ کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے ملک بالخصوص سندھ کے وڈیروں ‘ پیروں اور سرداروں کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں اور وہ ہر پارٹی میں شامل ہونے کے لئے دوڑیں لگا رہے ہیں۔

جمعہ کو یہاں اپنے آبائی گاؤں میر پور بھٹو میں مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سندھ کے وڈیروں ‘ پیروں اور سرداروں کو پیپلز پارٹی کی شکست صاف نظر آ رہی ہے اسی لئے اب وہ اپنے خاندان کے ایک ایک فرد کو دوسری پارٹیوں میں شامل کرانے کیلئے دوڑیں لگا رہے ہیں کیونکہ انہیں اس بات کی واضح تسلی نہیں کہ آئندہ انتخابات میں کون سی جماعت کامیاب ہو گی اس لئے اگر وڈیرہ خود (ق) لیگ میں ہے تو بھائی (ن) لیگ میں ‘ ایک بیٹا پیپلز پارٹی میں اور دوسرا فنکشنل لیگ میں جانے کی تیاری میں ہے۔

(جاری ہے)

ممتاز بھٹو نے کہا کہ زیادہ تر وڈیروں ‘ سرداروں اورپیروں کا رخ سندھ کی انہی سیاسی جماعتوں کی طرف ہے جو ہمیشہ اقتدا رمیں آنے والی پارٹی کی اتحادی بن جاتی ہیں اور اس طرح یہ لوگ ہر دو رمیں وزارتیں حاصل کر کے مزے اڑاتے ہیں اور مال بھی دل کھول کر بنایا جاتاہے۔ ممتاز علی بھٹو نے پیپلز پارٹی کے کارکنوں سے کہا کہ وہ دیکھیں کہ ذوالفقارعلی بھٹو کی عوامی سیاست کب او رکہاں دفن ہو گئی کیونکہ آج ملک بالخصوص سندھ تو وڈیروں کی بدبودار سیاست میں مکمل طور پر ڈوب چکاہے۔