”شہبازشریف جیسا لیڈر ہمارے پاس ہوتا تو سری لنکا بہت عرصہ پہلے ڈینگی پر قابو پاچکاہوتا“ پہلے ہم یہاں سکھانے آئے تھے اور اب یہ سیکھنے آئے ہیں کہ کس طرح اتنی مختصر مدت میں پنجاب نے ڈینگی پر موثر قابو پایا،ڈینگی کے خلاف مہم میں وزیراعلیٰ کا کردار تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا، انہوں نے ناممکن کو ممکن بنادیا،عالمی ڈینگی کانفرنس کے ملکی اور غیر ملکی مقررین کا شہباز شریف حکومت کے اقدامات کو زبردست خراج تحسین

ہفتہ 10 نومبر 2012 21:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔10نومبر۔2012ء) ایوان اقبال میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی ڈینگی کانفرنس کے مقررین بالخصوص غیر ملکی ماہرین نے ڈینگی سے موثر انداز میں نمٹنے پروزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی زیرقیادت پنجاب حکومت کے اقدامات کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیاہے۔سری لنکا کے ماہرین کی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر فرنینڈو نے کہاکہ گزشتہ برس ڈینگی کے باعث لاہور میں خوف وہراس پھیلاہواتھا لیکن وزیراعلیٰ نے جس طرح قائدانہ کردار ادا کیا اس کے بعد ہم یہ کہنے پر مجبورہیں کہ پہلے ہم یہاں سکھانے آئے تھے اور اب یہ سیکھنے آئے ہیں کہ کس طرح اتنی مختصر مدت میں پنجاب والوں نے ڈینگی پر موثر قابو پایا۔

انہوں نے کہا اگر شہبازشریف جیسا لیڈر ہمارے پاس ہوتا تو سری لنکا بھی بہت عرصہ پہلے ڈینگی پر قابو پاچکا ہوتا۔

(جاری ہے)

سری لنکا کے ہی ایک اور ماہر ڈاکٹر تسیرا نے کہا کہ پوری دنیا میں ڈینگی کے کیسوں میں اضافہ ہورہا ہے لیکن پنجاب میں کمی آئی ہے اور اس کا سہرا شہبازشریف کے سر ہے۔ تھائی لینڈ سے تعلق رکھنے والی خاتون ماہر ڈاکٹرسچترا جنہیں عالمی سطح پر ”ملکہ ڈینگی“کہا جاتا ہے نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی واقعی ایک حوصلہ مند قوم ہیں۔

ڈینگی کے خلاف جنگ میں کامیابی پر شہبازشریف کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ عوامی نمائندوں اور سرکاری ملازمین نے آزمائش کی گھڑی میں دن رات کام کرکے ثابت کیاکہ اہل پنجاب بڑی سے بڑی مشکل کے سامنے ڈٹ سکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف مسلسل کئی ہفتے تک علی الصبح ڈینگی کے حوالے سے اجلاس بلاتے تھے جس میں بڑی محنت کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر حکمت عملی طے کی جاتی تھی۔

سیکرٹری صحت پنجاب عارف ندیم نے کہاکہ گزشتہ برس جب ہسپتال ڈینگی کے مریضوں سے بھرے پڑے تھے تو وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں پہلی بار حکومتی مشینری نے روایتی طریقہ اپنانے کی بجائے خدمت کے جذبے سے کام کیا۔ سری لنکا، انڈونیشیا اور تھائی لینڈ کے ماہرین نے بروقت ہماری رہنمائی اور تربیت کی جس کے باعث امسال ہم ڈینگی کے خلاف جنگ میں سرخرو ہوئے ہیں۔

ڈینگی مہم کی چیف موبلائزر بیگم شائستہ پرویز ملک نے کہا کہ عوام میں آگاہی پیداکرنے کیلئے وزیراعلیٰ نے ہمیں جو ذمہ داری سونپی اس پر ہم ان کے ویژن کا حصہ ہونے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ اس ساری مہم میں وزیراعلیٰ کا کردار تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔ ڈاکٹر وسیم اکرم نے کہاکہ وزیراعلیٰٰ کی بصیرت افروز قیادت نے ناممکن کو ممکن بنادیا۔

مستقبل میں بھی اس موذی مرض سے نمٹنے کے لئے یہی جذبہ جاری رکھنا ہوگا۔ ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ ناصر خان درانی نے کہا کہ وزیراعلیٰ خود سوتے تھے نہ ہمیں سونے دیتے تھے لیکن ان کے جاگنے سے کئی افراد موت کی نیند سونے سے بچ گئے۔ تقریب میں وزیراعلیٰ نے مختلف اداروں سے تعلق رکھنے والے جن افراد میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے ان میں مرحوم سیکرٹری ماحولیات سعید اقبال واہلہ کا صاحبزادہ، کمشنر گوجرانوالہ عبدالجبار شاہین،ڈاکٹر ریاض احمد، قاری عارف، ای ڈی او محمد اقبال، ای ڈی او محمدپرویز، محمد یونس زاہد، اخلاق علی خان، فرح اطہر، عنصر محمود، اسماء کنول، آصف محمود، محمد افتخار، آصف اقبال، حافظ عبدالرحمن، محمد شکیل، سہیل بٹ، سجاد دارا، مریم فاروق اور دیگر شامل ہیں۔