وزیراعلی پنجاب کا حضوری باغ میں انٹرنیشنل ڈینگی کانفرنس میں شریک غیرملکی طبی ماہرین کے اعزاز میں عشائیہ،سری لنکا، تھائی لینڈ، سنگاپور، انڈونیشیا کے طبی ماہرین، پاکستانی ڈاکٹرز، اعلی حکام اور سول سوسائٹی کے ممبران کی شرکت ،اللہ تعالی کے فضل و کرم اور عوام کے تعاون سے اس سال ڈینگی پر قابو پالیا ہے،ڈینگی کے خلاف جنگ اس کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گی، شہباز شریف

اتوار 11 نومبر 2012 17:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔11نومبر۔2012ء) وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی طرف سے اتوار کو حضوری باغ میں انٹرنیشنل ڈینگی کانفرنس میں شریک غیرملکی طبی ماہرین کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا- سینئر مشیر سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ، معاون خصوصی خواجہ سلمان رفیق،ایم این اے پرویز ملک، سری لنکا، تھائی لینڈ، سنگاپور، انڈونیشیا کے طبی ماہرین، پاکستانی ڈاکٹرز، اعلی حکام اور سول سوسائٹی کے ممبران نے عشائیہ میں شرکت کی- اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم اور عوام کے تعاون سے اس سال ڈینگی پر قابو پالیا ہے- ڈینگی کے خلاف جنگ اس کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گی- ڈینگی کے خلاف مہم میں سری لنکا، تھائی لینڈ، سنگاپوراور انڈونیشیا کے طبی ماہرین کے تجربے سے بھرپور استفادہ کیا گیا ہے- اس موقع پر غیرملکی طبی ماہرین نے وزیراعلی کو ڈینگی کے خلاف اقدامات پر زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قلیل مدت میں شہباز شریف اور ان کی ٹیم نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا- پنجاب یونیورسٹی کے طلبا و طالبات نے ڈینگی کے خاتمے کے حوالے سے خوبصورت پرفارمنس پیش کی- معروف ڈھولچی پپو سائیں نے اپنے فن کا زبردست مظاہرہ کیا اور غیرملکی طبی ماہرین کے دل موہ لئے۔