گذشتہ سال لاہور میں ڈینگی وباء سے خوف کی فضاء طاری تھی،آج اللہ کے فضل اور حکومتی کوششوں سے ڈینگی قابو میں ہے ،عوام کے چہروں پراطمینان ہیں ،سینیٹر پرویز رشید کا اجلاس سے خطاب

اتوار 11 نومبر 2012 17:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔11نومبر۔2012ء) سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ گذشتہ سال ڈینگی کی وباء کی وجہ سے لاہور میں خوف کی فضاء تھی لیکن رواں سال حکومتی کوششوں اوراللہ کے فضل و کرم سے ڈینگی قابو میں ہے اورعوام کے چہروں پر اطمینان نظر آرہا ہے ۔وہ اتوار کو ایوان وزیراعلیٰ میں2روزہ انٹرنیشنل ڈینگی کانفرنس کے اختتامی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی قیادت میں سرکاری محکموں کے افسران ،اہلکاران ،سول سوسائٹی ،میڈیا اوردیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے تعاون سے ڈینگی کے خلاف جو جنگ شروع کی تھی اس میں اللہ کے فضل سے کامیابی ملی ہے اوراب ہماری ذمہ داریوں میں مزید اضافہ ہوگیا ہے کہ اس کامیابی کو پائیدار بنایا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے خلاف ہمیں اپنی جدوجہد اسی طرح جاری رکھنا ہوگی تاکہ آنے والے سالوں میں یہ مرض سر نہ اٹھاسکے۔انہوں نے ڈینگی کی وباء پر قابو پانے میں مقامی ماہرین کے ساتھ تکنیکی اورپیشہ وارانہ تعاون پر سری لنکا،تھائی لینڈ،انڈونیشیا اورسنگا پور کے طبی ماہرین کو خراج تحسین پیش کیا اوروزیراعلیٰ پنجاب اورحکومت کی جانب سے ان کاشکریہ ادا کیا ۔

اختتامی اجلاس میں وزیراعلی کے معاون خصوصی خواجہ سلمان رفیق،سیکرٹری صحت عارف ندیم،سپیشل سیکرٹری بابر حیات تارڑ،ایڈیشنل سیکرٹری صحت (ایڈمن) ڈاکٹر ساجد محمود چوہان،ایڈیشنل سیکرٹری (ٹیکنیکل) ڈاکٹر انور جنجوعہ،ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر نثار چیمہ ،ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ویکٹربارن ڈیزیز زڈاکٹر جعفر الیاس، سرکاری ہسپتالوں کے ایم ایس،پرووائس چانسلر KEMUپروفیسر ڈاکٹر اسلم خان،پروفیسر فیصل مسعود ،مختلف محکموں کے افسران ڈاکٹروں اور نرسوں نے شرکت کی۔

سینیٹر پرویز رشید نے کانفرنس کے اختتام پروزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے غیر ملکی مندوبین میں اسناد بھی تقسیم کیں۔قبل ازیں کانفرنس میں مختلف ورکنگ گروپس نے ڈینگی کی مستقبل میں روک تھام اور مریضوں کے بہترین علاج معالجہ کے حوالے سے سفارشات پیش کیں اوراپنے اپنے ملک کے حوالے سے ڈینگی کے بارے حکمت عملی اورتجربات سے شرکاء کو تفصیل کے ساتھ آگاہ کیا۔

ماہرین کا کہنا تھا کہ ڈینگی کے خلاف جدوجہد میں کامیابی کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف جیسی لیڈر شپ کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے خلاف جنگ طویل ہے اسے جاری رکھنا ہوگا اورمقامی طبی ماہرین،حشرات الارض کے ماہرین اورنرسز کی کپیسٹی بلڈنگ کرنا ہوگی،عوام میں زیادہ سے زیادہ شعور و آگاہی پیدا کرنا ہوگی،لوگوں کو اپنا طرز عمل اورلائف سٹائل بدلنا پڑے گا اورڈینگی کی روک تھام کے لیے ویکٹر سرویلنس کے کام کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھنا ہوگا۔

محکمہ صحت پنجاب ماہرین کی جانب سے پیش کردہ سفارشات کو دستاویز کی شکل دے کر کتاب کی صورت میں شائع کرے گا۔اختتامی اجلاس سے سیکرٹری صحت پنجاب عارف ندیم نے بھی خطاب کیا جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض سپیشل سیکرٹری صحت بابر حیات تارڑ نے انجام دےئے ۔کانفرنس میں سری لنکا سے آئے ہوئے ڈاکٹر فرنینڈو ،ڈاکٹر تسیرا،ڈاکٹر کثوم واتھل،تھائی لینڈ سے آئی ہوئی پروفیسر سچترا،پروفسیر ڈاکٹر مکدا،ڈاکٹر رچیتت(Dr.Ratchetat)،مسز رسانہ ولیرتنپتا،سنگا پور سے آئی ہوئی ڈاکٹر لی چنگ اورانڈونیشا سے آئی ہوئی ڈاکٹر ریٹا نے شرکت کی۔