شہباز شریف ،پاکستان بالخصوص پنجاب کے عوام کی خوش نصیبی ہیں ، وزیر اعلی نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا ،اسی جذبے سے ملک کو آگے لے جا سکتے ہیں،سری لنکا،انڈونیشیا، سنگا پور اورتھائی لینڈ کے ماہرین کا انٹرنیشنل ڈینگی کانفرنس کی اختتامی تقریب سے خطاب

اتوار 11 نومبر 2012 19:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔11نومبر۔2012ء) سری لنکا،انڈونیشیا، سنگا پور اورتھائی لینڈ کے ماہرین نے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کو پاکستان بالخصوص پنجاب کے عوام کی خوش نصیبی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قائدانہ صلاحیتوں اور انتھک کاوشوں کی بناپر پنجاب کے عوام ڈینگی کی وباء پر قابو پانے میں کامیاب ہوئے ہیں اور امسال اس مرض کی بنا پر ایک بھی ہلاکت نہیں ہوئی جو کہ اس امر کا ثبوت ہے کہ اس مرض کے خاتمے کیلئے کس حد تک وسائل بروئے کار لائے گئے ہیں-اتوار کو ایوان وزیر اعلی میں انٹرنیشنل ڈینگی کانفرنس کی اختتامی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے ماہرین نے کہا کہ کل ہم پنجاب میں ڈینگی کے خاتمے کیلئے مشورے دینے کیلئے آئے تھے اور آج خود پنجاب کے تجربات سے استفادہ کرنے کی خواہش رکھتے ہیں -شہباز شریف نے جس عزم سے ڈینگی کے خاتمے کیلئے اقدامات کئے اور نا ممکن کو ممکن کر دکھایا وہ اس بات کی غمازی کرتے ہیں کہ وہ اسی جذبے سے کام لیتے ہوئے ملک و قوم کو ترقی کی بلندیوں تک لے جا سکتے ہیں ۔