دہشت گردی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے تمام طبقات کی طرف سے آگاہی اور تیاری کی ضرورت ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں پر سب سے بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پاکستانی عوام اپنے بچوں کے مستقبل کو غیر محفوظ نہیں ہونے دیں گے، کسی کو قوم کی روح کچلنے کی اجازت نہیں دیں گے ،اپنی اقدار، روایات، ثقافت اور طرز زندگی کو بچانے کیلئے متحد رہیں گے ، عوام کو روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین کے بارے میں آگاہ کرنا انتہائی ضروری ہے، ایک موثر آگاہی مہم کے ذریعے حادثات کی بڑی تعداد کم کی جا سکتی ہے ، وزیراعظم کانیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی 14ویں تقریب تقسیم اعزازات سے خطاب

پیر 12 نومبر 2012 19:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔12نومبر۔2012ء) وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے معاشرے کے تمام طبقات کی طرف سے آگاہی اور تیاری کی ضرورت ہے جبکہ اس حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر سب سے بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پاکستانی عوام اپنے بچوں کے مستقبل کو غیر محفوظ نہیں ہونے دیں گے، ہم کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ ہماری قوم کی روح کچل دے ، ہم اپنی اقدار، روایات، ثقافت اور طرز زندگی کو بچانے کیلئے متحد رہیں گے۔

وہ پیر کو وزیراعظم سیکرٹریٹ میں نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی 14ویں تقریب تقسیم اعزازات سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعظم نے کہاکہ عوام کو روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین کے بارے میں آگاہ کرنا انتہائی ضروری ہے، ایک موثر آگاہی مہم کے ذریعے حادثات کی بڑی تعداد کم کی جا سکتی ہے اور قیمتی جانیں بچائی جا سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ میڈیا ٹریفک رولز کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کرنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہمیں سمجھنے کی ضرورت ہے کہ سڑکوں پر نظم و ضبط ایک قوم کے مہذب طرز عمل کی عکاسی کرتا ہے اگرچہ اس حوالہ سے کچھ پیش رفت نظر آتی ہے مگر ابھی ایک طویل سفر طے کرنا ہے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیاکہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس سڑکوں پر مہذب طرز عمل کے فروغ کیلئے خود کو وقف کرے گی۔ انہوں نے اوورلوڈنگ کے مسئلہ کی نشاندہی کرتے ہوئے کہاکہ اوورلوڈنگ کے نتیجہ میں اکثر حادثات ہوتے ہیں ، اوورلوڈنگ کے ذریعے لوگوں کی جانیں خطرے میں ڈالنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے اس حوالہ سے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ سڑکیں قومی اثاثہ ہیں اور اوورلوڈنگ سے انہیں شدید نقصان پہنچتا ہے۔ انہوں نے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی حوصلہ افزائی کی کہ اس مسئلہ سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔ انہوں نے اس فورس کی کوریج کا دائرہ بڑھانے پر بھی مسرت کا اظہار کیا اور کہاکہ موٹروے پولیس کیلئے یہ ایک کٹھن ہدف ہوگا لیکن مجھے یقین ہے کہ موٹروے پولیس اس چیلنج پر پورا اترے گی۔

انہوں نے کہاکہ حکومت اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ پبلک سروس میں بہتر اسلوب حکمرانی میرٹ کے اصول کی پاسداری اور ہرایک کو برابرکے مواقع دینے کے ذریعے برقرار رکھی جا سکتی ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ موٹروے پولیس میں بھی تعیناتی کیلئے اس اصول کی پاسداری کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ خدمات کی فراہمی کو میرٹ پر مبنی شفاف نظام کے ذریعے بہتر کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی جانب سے سفر کرنے والوں کے ساتھ بلاامتیاز قانون کے یکساں استعمال، اچھے اخلاق اور باوقار رویے کو سراہتے ہوئے کہاکہ اس سے فورس کے اپنے وقار میں اضافہ ہوا ہے اور لوگ انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس پورے جوش و خروش کے ساتھ لوگوں کے تحفظ کو یقینی بنانے میں قابل تعریف کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے اس موقع پر ڈیوٹی کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ دینے والے اہلکاروں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ ان کی قربانیوں سے دہشت گردی اور جرائم کے سدباب کیلئے ہمارا عزم مزید پختہ ہوا ہے۔ انہوں نے فورس کے اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کیلئے کوئی کسر نہ چھوڑیں۔ وزیراعظم نے وفاقی وزیر مواصلات اور آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی جانب سے پیش کئے گئے مطالبات کے جواب میں نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کیلئے فوری طور پر رسک الاؤنس نافذ کرنے کا اعلان کیا جبکہ سی ڈی اے کو ہدایت کی کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کیلئے اسلام آباد کیلئے پولیس لائنز کی تعمیر کی غرض سے اراضی کا بندوبست کیا جائے۔

انہوں نے فورس کے عملہ کی تعداد میں اضافہ پر غور کرنے کا بھی وعدہ کیا۔ اس سے قبل وزیراعظم نے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں میں سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے۔ وفاقی وزیر مواصلات ارباب عالمگیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ فورس کی تعداد میں کمی کے سبب اس کی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے فورس کو درپیش مسائل کی نشاندہی کی۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ اسلام آباد میں روڈ سیفٹی سکول 10کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جا رہا ہے جو دو سال میں مکمل ہوگا۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے انسپکٹر جنرل ظفر عباس نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں ہر سال سڑکوں کے حادثات میں 16ہزار افراد ہلاک ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ فورس نے حال ہی میں اوورلوڈنگ کے خلاف مہم شروع کی ہے جو کامیابی سے چل رہی ہے۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ نیشنل ہائی وے اور موٹروے پولیس ، پولیس کو رسک الاؤنس دینے اور ان کیلئے پولیس لائنز بنانے کیلئے سی ڈی اے کو فوری طور پر اراضی دینے کے اعلانات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ نیشنل ہائی وے اور موٹروے پولیس کے کام کو قومی اور عالمی سطح پر سراہا گیا ہے ، موٹروے پولیس نے چیلنجز کو مواقع کے طور پر لیا