کراچی میں دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے خاتمے کیلئے فوجی آپریشن کی ضرور ت نہیں ،(ن)لیگ پنجاب کی جماعت ہے اس کو کراچی کے حالات کا کیاپتہ ،ایم کیو ایم متوسط طبقے کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے اور جب تک متوسط طبقہ اسمبلیوں میں نہیں آئے گا مسائل حل نہیں ہوں گے،ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن صوبائی وزیر رضا ہارون کا تقریب سے خطاب ، میڈیا سے گفتگو

بدھ 14 نومبر 2012 21:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔14نومبر۔2012ء) متحدہ قومی موومنٹ کے صوبائی وزیر رضا ہارون نے کہا ہے کہ شہر قائد میں دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے خاتمے کیلئے فوجی آپریشن کی ضرور ت نہیں ،(ن)لیگ پنجاب کی جماعت ہے اس کو کراچی کے حالات کا کیاپتہ ،ایم کیو ایم متوسط طبقے کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے اور جب تک متوسط طبقہ اسمبلیوں میں نہیں آئے گا مسائل حل نہیں ہوں گے ۔

وہ بدھ کے روز مقامی ہوٹل میں تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہاکہ وقت آ گیا ہے کہ کراچی میں امن کیلئے تمام جماعتیں مل کر کام کریں اور پاکستان میں امن کیلئے کراچی میں امن ضروری ہے ۔ فوجی آپریشن کے متعلق سوال کے جوا ب میں ان کاکہنا تھاکہ رینجر اور پولیس حالات سے نمٹنے کی طاقت رکھتی ہے اس لئے وہاں پر فوجی آپریشن کی ضرورت نہیں اور نہ ہی ہم فوجی آپریشن کی حمایت کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ (ن)لیگ کا پنجاب کے علاوہ کہیں کوئی وجود نہیں اور نہ ہی یہ کراچی کے حالات کے بارے میں کچھ جانتے ہیں اس لئے ان کو چاہیے کہ جس معاملے کے بارے جانتے نہیں اس پر بات بھی نہ کیا کریں ۔