بال ٹھاکرے کو چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف کا جلد صحت یابی کا پیغام ،پھولوں کا گلدستہ بھجوادیا، اسلام میں حریفوں اور حلیفوں سب کی خیریت اور عیادت کی تعلیمات دی گئی ہیں، حضور اکرم بھی دشمنوں کی عیادت کرکے ان کے دل جیت لیتے تھے۔ ہم بھی بھارتی لوگوں کے دل جیتنا چاہتے ہیں، ذکاء اشرف کا بیان

جمعرات 15 نومبر 2012 23:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔15نومبر۔2012ء) پاک بھارت کرکٹ ٹھکرانے والے بال ٹھاکرے کو نرم کرنے کیلئے پی سی بی کے چیئرمین ذکا اشرف نے بڑے دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے انھیں جلد صحت یاب ہونے کاپیغام بھیجا ہے۔ چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف نے انتہا پسند ہندو تنظیم شیو سنا کے سربراہ بال ٹھاکرے کی جلد صحتیابی کیلئے پیغام اور پھولوں کا گلدستہ بھیجا ہے۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں ذکا اشرف نے کہا ہے کہ اسلام میں حریفوں اور حلیفوں سب کی خیریت اور عیادت کی تعلیمات دی گئی ہیں۔ حضور اکرم بھی دشمنوں کی عیادت کرکے ان کے دل جیت لیتے تھے۔ ہم بھی بھارتی لوگوں کے دل جیتنا چاہتے ہیں۔ ذکا اشرف نے امید ظاہر کی کہ بال ٹھاکرے صحت یاب ہوکر کرکٹ سیریز کے دوران میں دونوں ملکوں کو مزید قریب لانے کی کوششیں کریں گے۔واضح رہے کہ بال ٹھاکرے نے پاکستانی ٹیم کے دورہ بھارت کی ماضی کی طرح اب بھی مخالفت کرتے ہو ئے کہا تھا کہ پاکستانی ٹیم کو دورے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی ۔